جانیے کس نے آپ کا فون کھولنے کی کوشش کی تھی

کیا آپ کا اینڈروئیڈ اسمارٹ فون جس پر آپ نے پاس ورڈ لگا رکھا ہے، کسی نے کھولنے کی کوشش کی ہے؟ یہ جاننے کے لئے اینڈروئیڈ میں کوئی فیچر دستیاب نہیں۔ لیکن تھرڈ آئی نامی ایپلی کیشن کے ذریعے آپ اس شخص کا پتا لگا سکتے ہیں جس نے آپ کے اسمارٹ فون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوشش کی ہے۔ یہ ایپلی کیشن آپ کو دراندازی کی کوشش کا ثبوت بھی دیتی ہے۔

یہ اینڈروئیڈ ایپلی کیشن گوگل پلے اسٹور سے بالکل مفت ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے۔ اگر یہ ایپلی کیشن آپ کے اسمارٹ فون میں نصب ہو اور اسے کھولنے کی کوئی ناکام کوشش کرے تو یہ ایپلی کیشن اسمارٹ فون کے کیمرے سے فوراً کھولنے والے شخص کی تصویر بنا لیتی ہے۔ یہ ایک اچھوتا آئیڈیا ہے۔ اس کے ذریعے آپ اپنی پرائیوسی کو مزید محفوظ بنا سکتے ہیں۔

تھرڈ آئی ایپلی کیشن اسمارٹ فون کے سامنے والے کیمرے یعنی فرنٹ کیمرے سے صرف اس وقت تصویر بناتی ہے جب کوئی شخص غلط پاس ورڈ، پن یا پیٹرن سے فون کو اَن لاک کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ تصویر اتارنے کا کام پس منظر میں ہوتا ہے اس لئے دراندازی کرنے والے شخص کو اس کا علم بھی نہیں ہوپاتا کہ اس کی تصویر بنا لی گئی ہے۔

thirdeye01

جب فون کا اصل مالک درست پاس ورڈ،پن یا پیٹرن سے فون کو اَن لا ک کرتا ہے تو تھرڈ آئی اسے ایک نوٹی فکیشن کے ذریعے بتاتی ہے کہ کب اور کس نے اس کی غیر موجودگی میں فون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی ہے۔ تھرڈ آئی میں ایک خوبی کامیابی سے اَن لاک کئے جانے کی تاریخ اور وقت کا ریکارڈ رکھنا ہے۔ اس ریکارڈ سے آپ کو یہ پتا چل سکتا ہے کہ آیا کسی نے آپ کی غیر موجودگی میں فون کو اَن لاک کرنے میں کامیابی تو حاصل نہیں کرلی۔ اگر ایسا ہے تو یہ وقت اپنے پن، پاس ورڈ یا پیٹرن تبدیل کرنے کا ہے۔

اسے اپنے اسمارٹ فون میں نصب کرنے کے بعد آپ نے پہلا کام یہ کرنا ہے کہ Intruder Detection کے آپشن کو فعال کرنا ہے۔ اسے فعال کرنے کے بعد ہی تھرڈ آئی اَن لاک کرنے کی ناکام کوششوں اور ایسا کرنے والے لوگوں کی تصاویر بنائے گا۔ اس کی سیٹنگز میں کئی دوسرے آپشن بھی ہیں جن کے ذریعے تھرڈ آئی کو اپنی مرضی کے مطابق ڈھالا جاسکتا ہے۔ مثلاً پہلی ناکام کوشش کو معاف کرکے صرف دوسری ایسی کوشش پر تصویر بنانےکے لئے آپ سیٹنگز کے زریعے تھرڈ آئی کو ہدایات جاری کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک اہم آپشن بنائی گئی تصاویر کو محفوظ کرنے کا پاتھ تبدیل کرنا ہے۔
اگر اس ایپلی کیشن سے کبھی آپ کا دل بھر جائے اور آپ اسے اسمارٹ فون سے نکال باہر کرنا چاہیں تو اسے Uninstall کرنے سے پہلے Intruder Detection کے آپشن کو لازمی غیر فعال کردیں۔

مفت انسٹال کریں
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ جولائی 2016 میں شائع ہوئی)

2 تبصرے
  1. Nouman says

    تصویر اگر کسی آن لائن پلیٹ فارم پر جاسکتی ہوتی تو اچھا ہوتا۔
    جیسے چوری کے موبائل پر

  2. Inoxent Manxoor says

    nice info thanks its great

Comments are closed.