سام سنگ نے گلیکسی S8 اور S8 پلس متعارف کروادیا

سام سنگ نے نیو یارک میں منعقدہ ایک تقریب Unpacked 2017 میں گلیکسی سیریز کے نئے اسمارٹ فون متعارف کروا دیئے ہیں۔ سام سنگ نے اس تقریب میں Galaxy S8 اور Galaxy S8+ اسمارٹ فونز، جن کا دنیا بھر میں بے چینی سے انتظار کیا جارہا تھا، سے پردہ اٹھایا ۔ ان دونوں اسمارٹ فونز کے بارے میں گزشتہ کئی ماہ سے افواہیں گردش کررہی تھی ۔ سام سنگ کے برانڈ نیم کو نوٹ 7 کی ناکامی سے پہنچنے والے نقصان کے باعث دونوں اسمارٹ فونز کے اجراء کو بہت اہم قرار دیا جارہا ہے۔

اسکرین/ڈسپلے

سام سنگ گلیکسی ایس 8 میں 5.8 انچ جبکہ گلیکسی ایس 8 پلس میں 6.2 انچ کی QHD+ اسکرین نصب ہے۔ اگرچہ یہ دونوں فون گزشتہ سال پیش کئے گئے S7 اور S7 پلس کے مقابلے میں قدرے چھوٹے ہیں، لیکن ان کی اسکرین S7 اور S7 پلس سے بڑی ہے۔ ایس 8 اور ایس 8 پلس دونوں کی اسکرین فون کے کناروں سے مڑی ہوئی ہے۔کمپنی نےاس ڈسپلے کو infinity display کا نام دیا ہے۔

کیمرا

دونوں اسمارٹ فونز میں پیچھے 12 میگا پکسل کا کیمرا نصب ہے جبکہ سامنے موجود کیمرا (سیلفی کیمرا) 8 میگا پکسل کا ہے۔ 12 میگا پکسل کے کیمرے کے باوجود سام سنگ کا دعویٰ ہے کہ دونوں فون بہت اچھے فوٹو کھینچ سکتے ہیں۔

پروسیسر

دونوں اسمارٹ فونز میں کوالکوم کا تازہ ترین پروسیسر “اسنیپ ڈریگن 835 “استعمال کیا گیا ہے۔ یہ پروسیسر 8 کورز پر مبنی ہے اور اسے جدید ترین 10 نینو میٹر پروسیس پر تیار کیا گیا ہے۔ ان 8 میں سے 4 کورز 2.3 گیگا ہرٹز جبکہ 4 کور 1.7 گیگا ہرٹز کی رفتار پر کام کریں گے۔ سام سنگ کے مطابق مختلف ملکوں میں الگ الگ پروسیسر پر مبنی اسمارٹ فون فروخت کے لئے پیش کئے جائیں گے۔ کچھ ممالک میں سام سنگ اپنے بنائے ہوئے پروسیسر Exynos 8895 پر مبنی گلیکسی S8 اور S8 پلس پیش کرے گا۔ 10 نینو میٹر پروسیس پر تیاری کی وجہ سے پروسیسر زیادہ طاقتور ہے لیکن کم توانائی خرچ کرتا ہے۔

ریم اور اسٹوریج

دونوں اسمارٹ فونز میں چارجی بی ریم نصب ہے اور 64 گیگا بائٹس کی ڈیٹا محفوظ کرنے گنجائش موجود ہے۔ اس گنجائش کو 256 گیگا بائٹس تک کا مائیکرو ایس ڈی کارڈ لگا کر بڑھایا جاسکتا ہے۔

دونوں ہی اسمارٹ فونز میں وائرلیس چارجنگ اور فاسٹ چارجنگ کی سہولت موجود ہے۔ انہیں نئے گیئر 360 سے بھی جوڑا جاسکے گا۔کمپنی نے نئے گیئر 360 کو بھی اسی تقریب میں متعارف کروایا ہے۔ اس کی مدد سے 4K ریزولوشن پر 360 ڈگری ویڈیوز بنائی جاسکتی ہیں اور 15 میگا پکسل کی تصاویر کھینچی جاسکتی ہیں۔

ان دونوں اسمارٹ فون کی ایک خصوصیت آنکھ کی پتلی (Iris) کو اسکین کرنا ہے۔ یعنی جس طرح انگلیوں کے نشانات سے بعض اسمارٹ فونز کو کھولا جاسکتا ہے، اسی طرح آنکھ کی پتلی اسکین کرکے گلیکسی ایس 8 اور ایس 8پلس کو کھولا جاسکے گا۔ یہ خصوصیت کمپنی نے گلیکسی نوٹ 7 میں بھی پیش کی تھی۔ دونوں نئے اسمارٹ فونز کی پشت پر فنگر پرنٹ اسکینر بھی دیا گیا ہے۔

سام سنگ نے Samsung DeX نامی ایک نئی سہولت بھی پیش کی ہے۔ اس کے ذریعے اسمارٹ فونز کو یوزر مانیٹر، کی بورڈ اور ماؤس سے جوڑ کر کمپیوٹر کی طرح استعمال کیا جاسکتا ہے۔کمپنی نے اس پروگرام میں ایپل کے سری، مائیکرو سافٹ کے کورٹانا اور گوگل کے گوگل اسسٹنٹ کے مقابلے میں اپنا مجازی معاون بکسبی (Bixby) بھی متعارف کیا ہے۔ ایس 8 اور ایس 8 پلس دونوں میں یہ معاون موجود ہوگا۔

ان دونوں اسمارٹ فونز کی حتمی قیمت ابھی نامعلوم ہے۔

Comments are closed.