فون میں محفوظ وائی فائی پاس ورڈ تلاش کریں

وائی فائی نیٹ ورک سے جڑنے کے لیے جب ہم پاس ورڈ کسی ڈیوائس میں درج کرتے ہیں تو ڈیوائس اسے اپنے پاس محفوظ کر لیتی ہے تاکہ اگلی بار جب یہ نیٹ ورک دسترس میں ہو تو اسے فوراً کنیکٹ کیا جاسکے اور صارف کو دوبارہ سے پاس ورڈ نہ لکھنا پڑے۔

اگر اینڈروئیڈ کی بات کریں تو یہ پاس ورڈ ایک فائل میں محفوظ ہو جاتا ہے اور اسے دیکھا بھی جا سکتا ہے۔

فرض کریں آپ نے مہینوں پہلے کسی وائی فائی نیٹ ورک کو کنیکٹ کیا تھا اور اب کسی دوسری ڈیوائس کو بھی کنیکٹ کرنا ہے لیکن آپ پاس ورڈ بھول چکے ہیں۔ یا آپ ایک ڈیوائس سے دوسری پر منتقل ہو رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ آج تک جتنے نیٹ ورکس کو کنیکٹ کیا ہے ان کے پاس ورڈز بھی آپ کی نئی ڈیوائس میں منتقل ہو جائیں تو یہ بھی ممکن ہے۔ آئیے آپ کو اس کے تین بہترین طریقے بتاتے ہیں لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ کا اینڈروئیڈ فون روٹ کیا گیا ہو۔

اینڈروئیڈ فون کو روٹ کرنے کا آسان اور قابل بھروسا طریقہ آپ یہاں ملاحظہ کر سکتے ہیں۔

فون کو روٹ یا اَن روٹ کریں

وائی فائی کی ریکوری

اگر آپ کا اینڈروئیڈ فون روٹ ہو چکا ہے تو اپنے فون پر محفوظ تمام وائی فائی پاس ورڈز کو دیکھ سکتے ہیں۔
اس کام کے لیے آپ کو ’’وائی فائی کی ریکوری‘‘ (WiFi Key Recovery) ایپلی کیشن درکار ہو گی جو کہ گوگل پلے اسٹور کے درج ذیل ربط پر مفت دستیاب ہے:
wifirec

wifi-key-recovery-1

انسٹالیشن کے بعد جب آپ اس ایپلی کیشن کو چلائیں گے تو یہ سب سے پہلے ’’سپر یوزر‘‘ کے اختیارات طلب کرے گی۔ ان اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے ہی یہ ایپلی کیشن اس فائل تک پہنچ سکتی ہے جس میں پاس ورڈز محفوظ ہیں۔

دیکھیں کون آپ کا وائی فائی انٹرنیٹ چوری کر رہا ہے

اختیارات ملتے ہی یہ ایپلی کیشن اینڈروئیڈ کو اسکین کر کے اس فائل تک پہنچ کر ساری تفصیلات آپ کے سامنے پیش کر دے گی۔ اس میں آپ آج تک کنیکٹ کیے گئے تمام وائی فائی نیٹ ورکس کے نام اور اُن کے پاس ورڈز ملاحظہ کر سکتے ہیں۔

wifi-key-recovery-2

یہاں یہ بات یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ یہ ایپلی کیشن صرف محفوظ شدہ پاس ورڈز ہی آپ تک پہنچا سکتی ہے۔ یہ کوئی ہیکنگ ایپلی کیشن نہیں جس سے آپ کسی انجان نیٹ ورک کو ہیک کر سکیں۔

اس کے علاوہ مختلف اینڈروئیڈ ڈیوائسز پر اس کی کارکردگی مختلف بھی ہو سکتی ہے۔ عین ممکن ہے کہ آپ کے اینڈروئیڈ فون پر یہ ایپ پاس ورڈ والی فائلز تک پہنچ ہی نہ سکے کیونکہ اس فائل کی حفاظت کے لیے مختلف اینڈروئیڈ ڈیوائسز میں مختلف طریقہ کار اختیار کیے جاتے ہیں۔

فری وائی فائی پاس ورڈ ریکوری

اس کام کے لیے دوسری ایپلی کیشن ’’فری وائی فائی پاس ورڈ ریکوری‘‘ (FREE WiFi Password Recovery) کے نام سے گوگل پلے اسٹور کے درج ذیل ربط پر دستیاب ہے:
freewifirec

wifi-key-recovery-3

اس ایپلی کیشن کے لیے بھی اینڈروئیڈ کا روٹ ہوا ہونا ضروری ہے۔
جب آپ اسے پہلی دفعہ چلائیں گے تو سب سے پہلے یہ روٹ اختیارات مانگے گی۔
یہ اختیارات اسے دینے کے بعد یہ ایپلی کیشن پاس ورڈز کی تلاش شروع کر دے گی۔

wifi-key-recovery-4

تمام پاس ورڈز تلاش کرنے کے بعد یہ مکمل فہرست دکھا دے گی۔ جس میں موجود پاس ورڈز کو محفوظ کرنے کے لیے آپ انھیں نہ صرف کاپی کر سکتے ہیں بلکہ ایس ایم ایس بھی کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ تمام پاس ورڈز کو منتقل کرنے کے لیے فائل کو ایکسپورٹ اور امپورٹ کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔

بذریعہ فائل منیجر

آپ پاس ورڈز محفوظ کرنے والی فائل سے خود بھی پاس ورڈ دیکھ سکتے ہیں، اس کے لیے فائل منیجر کے ذریعے اُس فائل تک پہنچنا ہو گا۔ اگر آپ کے فون کا فائل منیجر اس فائل تک نہ پہنچ سکے تو ’’ای ایس فائل ایکسپلورر‘‘ استعمال کریں :

ES File Explorer File Manager

یاد رہے کہ پاس ورڈ محفوظ کرنے والی فائل تک صرف روٹ کی ہوئی اینڈروئیڈ ڈیوائس کے ذریعے پہنچا جا سکتا ہے۔ یہ فائل مختلف ڈیوائسز می مختلف جگہوں پر موجود ہوتی ہے۔ عموماً یہ درج ذیل جگہوں پر پائی جاتی ہے:

/data/misc/wifi/
/data/wifi/
/data/etc/wifi/

wifi-key-recovery-5

عام طور پر اس فائل کا نام wpa_supplicant.conf یا bcm_supp.conf ہوتا ہے۔ جب آپ اس فائل تک پہنچ جائیں تو اسے ای ایس فائل ایکسپلورر کے فائل ایڈیٹر کے ذریعے کھول لیں۔

wifi-key-recovery-6

اس فائل میں صرف اور صرف پاس ورڈ دیکھیں یعنی اس میں کسی قسم کی تبدیلی مت کریں ورنہ فون میں کوئی خرابی بھی جنم لے سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کام کے لیے ایپلی کیشنز استعمال کی جاتی ہیں ۔

یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ نمبر 122 میں شائع ہوئی

Comments are closed.