150 انچ کی اسکرین، ایل جی کا 4K ایچ ڈی آر پروجیکٹر

1,117

ایل جی 2018ء کے لیے اپنے گیجٹس کی رونمائی کے لیے کنزیومر الیکٹرونکس شو (سی ای ایس) کا انتظار بھی نہیں کر رہا ہے اور اب پیش کیا ہے 4K ایچ ڈی آر پروجیکٹر۔ ایل جی دعویٰ کرتا ہے کہ نیا یو ایچ ڈی پروجیکٹر اس وقت مارکیٹ میں موجودہ 4K پروجیکٹرز سے سائز میں آدھا ہے، جبکہ دیگر تمام بھاری، مہنگے اور انسٹال کرنے میں مشکل ہیں۔

ان کے مقابلے میں HU80KA ایک سستی و شاندار ڈیوائس ہے جو آپ کے گھر کے کسی بھی کمرے میں 150 انچ کی تصویر دکھا سکتی ہے۔ یہ تصویر غیر معمولی طور پر روشن ہوگی، جس کے لیے پروجیکٹر کو نہ صرف دیوار پر لگایا جا سکتا ہے بلکہ چھت سے بھی لٹکایا جا سکتا ہے۔

پروجیکٹر میں 7 واٹ کے اسپیکر بھی پہلے سے نصب ہیں، اس لیے ساتھ کوئی ساؤنڈ بار لگانے کی بھی ضرورت نہیں۔ آڈیو آؤٹ پٹ میں آپٹیکل، ایچ ڈی ایم آئی اور بلوٹوتھ شامل ہیں۔ پروجیکٹر یو ایس بی ڈرائیو سے میڈیا چلائے گا اور آپ کو اضافی کی بورڈ اور ماؤس لگانے کی بھی سہولت دے گا۔

اور ہاں! یہ ایل جی ٹی وی کی طرح ویب او ایس چلاتا ہے اس لیے بڑی اسٹریمنگ ایپس ویسے ہی مل جائیں گی۔

ایل جی نے اب تک HU80KA کی قیمت ظاہر نہیں کی ہے البتہ سی ای ایس میں اپنے ہوم تھیٹر کے ساتھ ضرور پیش کرے گا۔ یہ آجکل عام چلن ہے کہ ادارے اپنی چمکتی دمکتی مصنوعات کی جھلک دکھاتے ہیں اور کچھ ہفتے انتظار کے بعد بتاتے ہیں کہ آپ کی جیب کتنی خالی ہوگی۔ دیکھتے ہیں لاس ویگاس میں ایل جی کس قیمت کا اعلان کرتا ہے؟