2017ء کی مقبول ترین ٹیکنالوجی مصنوعات

2,407

گوگل نے اپنے سالانہ "Year in Search” میں سال 2017ء میں سب سے زیادہ تلاش کی گئی ٹیکنالوجی مصنوعات کے بارے میں بتایا ہے۔

ہر سال گوگل آن لائن سب سے زیادہ تلاش کی گئی شخصیات، مصنوعات اور مواقع کے بارے میں بتاتا ہے۔ کیونکہ گوگل دنیا کا سب سےمقبول سرچ انجن ہےبلکہ 2019 تک یہ 80 فیصد مارکیٹ پر قابض ہو جائے گا اس لیے یہاں کے عوامی رحجانات حقیقت کی قریبی عکاسی کرتےہیں اور ہمیں زیادہ بہتر انداز میں بتا سکتے ہیں کہ سال گزشتہ کی سب سے مقبول ٹیکنالوجی پروڈکٹ کون سی تھی:

1۔آئی فون8


ایپل کا آئی فون8 اور آئی فون8 پلس ستمبر میں جاری کیے گئےجن کی ابتدائی قیمت بالترتیب 699 اور799 ڈالرز ہیں۔ اس فون میں دلچسپی 10 ستمبر سے 16 ستمبر کے دوران اپنے عروج پر پہنچی۔ یہ وہی ایام ہیں جب ایپل نے 12 ستمبر کو اپنی سالانہ تقریب میں ان فونز کی رونمائی کی تھی۔ اس فون کا بہت شدت سے انتظار کیا گیا تھا کیونکہ ایپل نے دعویٰ کیا تھا کہ 2007 میں اولین آئی فون کے اجرا کے بعد سے اب تک یہ سب سے بڑی تبدیلی ہے۔ 10 سال مکمل ہونے پر 3 نومبر کو آئی فون X بھی جاری کیا گیا۔


2۔ آئی فون X


آئی فون کے 10 سال مکمل ہونے پر جاری کیا گیا خصوصی آئی فون X خوبصورت OLEDڈسپلے کا حامل ہے اور پہلا آئی فون ہےجس میں کوئی بٹن نہیں ہے۔ اس میں چہرے کو اسکین کرنے کی صلاحیت بھی ہے یعنی صارف محض فون کی طرف دیکھ کر ہی اپنا فون کھول سکتا ہے۔

آئی فونX کےبارے میں دلچسپی بھی 10 سے 16 ستمبرکے دوران ہی اپنے عروج پر پہنچی۔ نومبر کے اوائل میں ایک مرتبہ پھر دلچسپی میں اضافہ ہوا جب یہ فون خریداری کے لیے پیش کیا گیا۔ وہ الگ بات کہ 999 ڈالرز کی بھاری قیمت پر!


3۔ ننٹینڈو سوئچ


300 ڈالرز کا ننٹینڈو سوئچ گیمنگ کمپنی کا ساتواں ہوم کونسول ہے۔ اس ڈیوائس کی رونمائی اکتوبر 2016 میں کی گئی تھی اور اسے 3 مارچ2017ء کو فروخت کے لیے پیش کیا گیا۔اس لیے مارچ کے اوائل میں اس کے بارے میں بہت دلچسپی دکھائی دی۔ گزشتہ ہفتے ننٹینڈو نے بتایا تھا کہ اس نے 9 ماہ میں 10 ملین سے زیادہ یونٹس فروخت کیے ہیں۔


4۔ سام سنگ گلیکسی ایس8


سام سنگ گلیکسی ایس8 جنوبی کوریا کی اس الیکٹرونکس کمپنی کے لیے بہت اہم تھا کیونکہ گلیکسی نوٹ7 کے بدترین تجربے کے بعد یہ ادارے کی پہلی ڈیوائس تھی۔ گلیکسی ایس8 کے بارے میں گفتگو تبھی اپنی بلندیوں پر تھی جب مارچ کے مہینے میں اس کی رونمائی نیویارک میں کی گئی تھی۔ ڈیوائس اس کے ایک ماہ بعد 21 اپریل کو پہلی بار منظرعام پر آئی اور اب 725 ڈالرز میں فروخت ہو رہی ہے۔ سام سنگ کا کہنا ہے کہ گلیکسی ایس8 فروخت کے لحاظ سے صرف تین ماہ میں ہی اپنے پیشرو گلیکسی ایس7 کو پیچھے چھوڑ گیا تھا۔


5۔ ایکس باکس ونX


مائیکروسافٹ کے ایکس باکس ون X گیمنگ کونسول کے بارے میں عوامی دلچسپی تب عروج پر پہنچی جب اسے 7 نومبر کو جاری کیا گیا تھا۔ ایکس باکس ون کے تین ورژن ہیں معیاری ایکس باکس ون، ایکس باکس ون ایس اور ایکس باکس ون ایکس۔ جدید ترین ورژن مائیکروسافٹ کا طاقتور ترین گیمنگ کونسول ہے۔ مائیکروسافٹ کا دعویٰ ہے کہ وہ کسی بھی دوسرے کونسول سے 40 فیصد زیادہ طاقتورہےاور یہ بات قیمت سے بھی ظاہر ہوتی ہے، جو ہے پورے 500 ڈالرز!


6۔ نوکیا 3310


نوکیا 3310 کا اعلان26 فروری کو بارسلونا میں موبائل ورلڈکانگریس کے دوران کیا گیا۔ یہ نوکیا کے تاریخی 3310 فون کا اپڈیٹڈ ورژن ہے جو 2000ء میں جاری کیا گیا تھا اور اپنی پائیداری اور لمبی بیٹری لائف کی وجہ سے شاہکار سمجھا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھرمیں اُس کے 126 ملین یونٹ فروخت ہوئے تھے۔

نیا نوکیا 3310 مکمل طور پر پلاسٹک کا بنا ہوا ہے، اس کی ڈیٹا اسپیڈ بھی سست ہے اور ایپ کے آپشنز بھی محدود ہیں لیکن لمبی بیٹری پرانی یادیں تازہ کر رہی ہے جو 22 گھنٹے کا ٹاک ٹائم اور 31 دن کا اسٹینڈبائے ٹائم دیتی ہے۔ اور سب سے بڑی بات یہ کہ سب کچھ صرف 60 ڈالرز میں ہے!

اس ڈیوائس کے بارے میں عوامی دلچسپی فروری میں عروج پر تھی جب اسے برطانیہ میں جاری کیا گیا تھا۔


7۔ ریزر فون


ریزر فون کا ہدف ہے ایسی مصنوعات بنانا جو "گیمرز کی جانب سے، گیمرزکے لیے” ہوں، جن میں بنیادی توجہ آواز کے معیار اور اسکرین سائز پر ہوتی ہے۔ 699 ڈالرز کی اس ڈیوائس میں عوامی دلچسپی نومبرمیں اعلان کے ساتھ ہی بہت بڑھ گئی تھی۔ ڈیوائس 17 نومبر سے فروخت کے لیے موجود ہے۔


8۔ اوپو ایف5


اوپو ایف5 کے بارے میں گوگل پر سرچ نومبر کے اوائل میں بلندیوں پر تھی جب اسے پہلی بار بھارت میں جاری کیا گیا۔ ویسے ڈیوائس اس سے پہلے 26 اکتوبرکو فلپائن میں جاری کی گئی تھی۔ اوپو ایف 5 میں 6 انچ کی جاندار اسکرین ہے اورساتھ ہی چہرہ پہچاننےکی صلاحیت اوربہترین سیلفی کیمرا بھی۔ یہ ایپل کے نئے آئی فون X کو ٹکر دینے والا فون ہے، لیکن اس کی قیمت آئی فون سے آدھی ہے۔


9۔ ون پلس5


479 ڈالرز کا ون پلس5 فون 11 جون کو اپنے اجرا کے بعد سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔ گو کہ اسےکیمرا اور ڈیزائن کی وجہ سے کافی سراہا گیا لیکن بہت جلد اسے ون پلس 5 ٹی سے بدل دیا گیا۔اپڈیٹ کیےگئےفون کی قیمت وہی تھی لیکن بہتر اور بڑی اسکرین، چہرہ پہچاننے کی ٹیکنالوجی اور بہتر کیمرے اس میں شامل کیے گئے۔ ون پلس کا آغازصرف چار سال پہلے ہوا تھا اوریہ ایپل اور سام سنگ جیسے شاندارفون بنانے کی شہرت رکھتا ہے، وہ بھی مناسب قیمت پر۔


10۔ نوکیا 6


نوکیا 6 کی خبریں تبھی گوگل پر پھیل گئی تھیں جب اسےجنوری میں جاری کیا گیا تھا۔ یہ ڈیوائس نوکیا کے فن لینڈکے اسٹارٹ اپ ایچ ایم ڈی کے ساتھ معاہدے کا حصہ ہے تاکہ وہ نوکیا کا نام استعمال کر سکے۔ اس فون میں ساڑھے 5 انچ کا ڈسپلے ہے، فنگر پرنٹ اسکینر اور مکمل دھاتی باڈی، وہ بھی صرف 229 ڈالرز میں۔