5 اینڈرائیڈ فونز جو آئی فون کی نقل نہیں لگتے

8,001

چاہے آپ کو پسند ہو یا نہ ہو لیکن notch اب اسمارٹ فون کے ڈیزائن کا حصہ بن چکی ہے۔ سب سے پہلے اسینشل فون نے اس کو فون میں پیش کیا اور جب ایپل نے آئی فون X میں اسے شامل کیا تو یہ ‘بدعت’ بری طرح پھیلتی چلی گئی۔ اگر آپ نہیں جانتے کہ notch کیا ہے تو آپ کو بتاتے چلیں کہ یہ اسمارٹ فون کی اسکرین کے بالائی حصے میں سیاہ رنگ کا ایک مستطیل حصہ ہوتا ہے کہ جس پر سیلفی کیمرا اور دیگر سینسرز نصب ہوتے ہیں۔ اسمارٹ فونز بنانے والوں نے ڈسپلے کو ایک کنارے سے دوسرے کنارے تک بڑا کرنا شروع کیا تو اس میں کامیاب تو ہوئے لیکن کیمرے اور سینسرز کے لیے انہیں بالائی حصے میں جگہ بنانا پڑی جسے notch کہا جاتا ہے۔

گو کہ تمام صارف بڑی اسکرین پسند کرتے ہیں لیکن notch سب کو پسند نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مختلف اسمارٹ فونز بنانے والے اداروں نے ایسے ڈیزائنز پر کام شروع کردای ہے جس میں notch سرے سے موجود ہی نہیں۔ ان میں سے چند ڈیزائنز تو اب بھی تجرباتی مراحل میں ہیں لیکن کچھ ایسے ضرور ہیں جو رواں سال فروخت کے لیے دستیاب ہوں گے۔

آئیے آپ کو پانچ ایسے اسمارٹ فونز کے بارے میں بتاتے ہیں، جنہیں بنانے والوں نے بہت ہی عرق ریزی سے تخلیق کیا ہے اور یہ فون حاصل کرنے کے بعد کسی کو یہ شک بھی نہیں ہوگا کہ یہ آئی فون X یا اس کی نقل ہے۔

ویوو نیکس


پہلی نظر میں لگتا ہے کہ ویوو نیکس کا سامنے والا پورا حصہ اسکرین ہے اور حقیقت بھی یہی ہے کہ اس کا اسکرین-ٹو-باڈی تناسب 91.2 فیصد ہے جبکہ آئی فون X میں یہ شرح 83 فیصد ہے۔ جب آپ ویوو نیکس سے تصویر لینا چاہیں گے تو دیکھیں گے کہ اسکرین کے اوپر کے حصے سے ایک ننھا سا کیمرا باہر نکل آئے گا۔ اس فون میں کئی ایسے فیچرز ہیں جنہیں مستقبل کی خصوصیت کہا جا سکتا ہے جیسا کہ "اسکرین ساؤنڈکاسٹنگ” ٹیکنالوجی جو آواز کی لہروں کو ڈسپلے ہی سے پیش کر دیتی ہے جبکہ فنگرپرنٹ سینسر بھی اسکرین کے نیچے ہی چھپا ہوا ہے۔ ویوو نیکس فی الوقت صرف چین میں دستیاب ہے۔


ون پلس 6


نیا ون پلس 6 ان افراد کے لیے ایک ایسا فیچر پیش کرتا ہے جنہیں notch پسند نہیں۔ اس کی سیٹنگز کے اندر ایک آپشن ہے جس کے ذریعے اسے بند کیا جا سکتا ہے۔ یعنی notch والی پٹی پوری سیاہ ہو جائے گی اور ایپ اور دیگر چیزیں اس حصے میں نظر نہیں آئیں گی بلکہ یہ حصہ اینڈرائیڈ کی روایتی نوٹیفکیشن بار کی طرح نظر آئے گا۔ یہ محض ون پلس ہی میں نہیں بلکہ ایل جی کے نئے جی 7 تھنک میں بھی آپ notch کو بند کر سکتے ہیں۔


ڈوجی مکس 4


notch کے خاتمے کے لیے کچھ ادارے تو ماضی کی طرف بھی چلے گئے جیسا کہ اسمارٹ فون بنانے والا چینی ادارہ ڈوجی۔ اس نے اپنے فون مکس 4 کے لیے ایک سلائیڈ ہونے والی بیک متعارف کروائی کہ جس میں فون کا کیمرا بھی موجود ہے۔ کیمرہ زیادہ تر بند رہتا ہے لیکن جب آپ تصویر لینا چاہیں تو آپ کو پچھلے حصے کو اوپر کی طرف سلائیڈ کرنا ہوگا۔ یہ فون ابھی دستیاب تو نہیں لیکن ہم اس کا پروٹوٹائپ دیکھ چکے ہیں۔ اندازہ ہے کہ یہ فون دسمبر تک دستیاب ہوگا اور اس کی قیمت 300 ڈالرز کے قریب ہوگی۔


بلوبو ایس2


چین کے ایک اور ادارے بلوبو نے اپنے ایس2 اسمارٹ فون میں notch سے بچنے کے لیے ایک ‘2-ان-1’ طریقہ پیش کیا ہے۔ الگ سیلفی اور ریئر کیمرے کے بجائے بلوبو نے ایک فلپ اپ کیمرا پیش کیا ہے جو دونوں کام کر سکتا ہے۔ جب اسے اوپر کیا جائے گا تو سیلفی کیمرے کی طرح کام کرے گا جبکہ نیچے ہوکر پشت سے چپک کر یہ ریئر کیمرے کا کام کرتا ہے۔ بلوبو نے رواں سال موبائل ورلڈ کانگریس میں ایس2 کی رونمائی کی تھی لیکن ابھی تک اس کی قیمت اور دستیابی کا اعلان نہیں کیا گیا۔


اوپو فائنڈ ایکس


چند روز قبل چین کے معروف ادارے اوپو نے اپنے فون فائنڈ ایکس کی رونمائی کی جو ایک جاندار فون ہے اور ایک شاندار ڈسپلے رکھتا ہے۔ سامنے کے حصے کا 93 فیصد اسکرین پر مشتمل ہے۔ سیلفی کیمرے اور دیگر سینسرز شامل کرنے کے لیے اوپو نے ایک انوکھا حل پیش کیا ہے۔ جب آپ تصویر لینا چاہتے ہیں تو فون کا بالائی حصہ خودکار طور پر اوپر کی طرف سلائیڈ ہو جاتا ہے۔ کیمرا ایپ بند کرنے پر یہ واپس اندر چلا جاتا ہے۔ کیونکہ اوپو فائنڈ ایکس میں فیس ریکگنیشن بھی شامل ہے اس لیے اس کیمرے کو چہرہ اسکین کرنے کے لیے کافی تیز بنایا گیا ہے تاکہ فون کو جلد ان لاک کیا جا سکے۔ اوپو کا کہنا ہے کہ اس فون کی قیمت ایک ہزار برطانوی پاؤنڈ ہوگا اور یہ اگست میں یورپ میں جاری کیا جائے کا۔