512 جی بی کا گلیکسی نوٹ، جس کا ہے آپ کو انتظار

3,346

اگر آپ 512 جی بی کی بلٹ اِن اسٹوریج رکھنے والے فون کی تلاش میں ہیں تو اس وقت صرف ایک ڈیوائس ایسی موجود ہے جس میں یہ سہولت ہے اور وہ بہت مہنگی بھی ہے۔ لیکن ہو سکتا ہے کہ رواں موسم گرما میں حالات تبدیل ہو جائیں کہ جب گلیکسی نوٹ 9 آئے گا۔ ایک رپورٹ بتاتی ہے کہ چند "خوش قسمت” صارفین گلیکسی نوٹ 9 کے 8 جی بی ریم اور 512 جی بی اسٹوریج والے ورژنز لے پائیں گے، جو سام سنگ کی بڑی کامیابی ہوگی۔

یہ خبر ایک معروف چینی ذریعے سے لیک ہوئی ہے، جس میں "خوش قسمت” کا لفظ ظاہر کرتا ہے کہ یہ ورژن چند مخصوص مارکیٹوں میں ہی پیش کیا جائے گا اور ممکن ہے کہ چین اُن میں سے ایک ہو۔ سام سنگ ویسے ہی چین کے لیے خاص فونز بناتا ہے، چاہے وہ رنگوں کے معاملے میں مختلف ہوں یا میموری کا اسٹوریج کے حوالے سے۔

اگر یہ رپورٹ درست نکلی تو گلیکسی نوٹ 9 ماڈل میں ون پلس 6 جتنی ریم ہو جائے گی، جو اس وقت بینچ مارک ٹیسٹس میں ایس 9 کو بری طرح پیٹ رہا ہے۔ جہاں تک کل اسٹوریج کا معاملہ ہے کہ گلیکسی نوٹ 9 میں 400 جی بی کے مائیکرو ایس ڈی کارڈز تک کی سپورٹ ہو سکتی ہے، یعنی کہ ہم 512 جی بی ماڈل کے ساتھ کل اسٹوریج کو ایک ٹیرابائٹ تک پہنچا سکتے ہیں۔

لیکن۔۔۔۔ 512 جی بی کا گلیکسی نوٹ 9 اس سیریز کا مہنگا ترین فون ہوگا جو سام سنگ پیش کرے گا۔ اس گلیکسی نوٹ 9 کی رونمائی رواں موسم گرما میں ممکن ہے کیونکہ معلوم ہوا ہے کہ فون توقع سے قبل ہی لانچ کیا جا رہا ہے۔