8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج کا حامل اوپو کا نیا فلیگ شپ فون متعارف

8,748

اوپو آہستہ آہستہ اسمارٹ فون صنعت میں اپنا نام بنا رہا ہے۔ گزشتہ کچھ عرصہ سے اسمارٹ فون مارکیٹ میں اوپو کے مارکیٹ شئیرز میں اضافہ ہوا ہے۔ اوپو کے وسط قیمتی فونز اور بہتر ثانوی کیمرہ کی وجہ سے اسے مختلف طبقات میں پسند کیا جاتا ہے۔ بلکہ اوپو کے فونز کے لیے "سیلفی فون” ایک برانڈ نام بنتا جا رہا ہے۔

لیکن لگتا ہے کہ اب اوپو نے اس سے بھی ایک قدم آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کیونکہ خبر ہے کہ اوپو اپنا اگلا فلیگ شپ فون "فائنڈ ایکس” کے نام سے کئی بہتر خصوصیات کے ساتھ متعارف کروا رہا ہے۔ اس کا اعلان معروف سوشل میڈیا سائٹ وائبو پر موجود اوپو کے آفیشل پیج سے کیا گیا ہے۔

فائنڈ ایکس فون میں کوالکوم کی اسنیپ ڈریگن 845 پراسیسر چپ استعمال کی گئی ہے۔ یہ جدید ترین پراسیسر چپ ہے جس کا استعمال سام سنگ کے گیلیکسی ایس 9 اور ون پلس 6 میں بھی کیا گیا ہے۔ نیز اس کی اسکرین مکمل طور پر بغیر نوچ اور بغیر بیزل کے بنائی گئی ہے۔ اس لیے بظاہر دیکھنے پر آپ کو سامنے کی طرف سے صرف اسکرین ہی نظر آئے گی جو کہ نامیاتی ایل ای ڈی ڈسپلے سے تیار کی گئی ہے۔

فون کی سب سے بڑی خصوصیت ہے 8 گیگا بائٹس عارضی میموری۔۔۔ اتنی میموری اس وقت بہت ہی کم اسمارٹ فونز میں متعارف کروائی گئی ہے۔ تاہم اوپو صارفین کا ردعمل یہ ہے کہ اوپو ریم کو بڑھانے کی بجائے یوزر انٹرفیس پر توجہ دیتا تو زیادہ بہتر ہوتا۔

اسٹوریج کی بات کی جائے تو اوپو فائنڈ ایکس فون 256 گیگا بائٹس کی بڑی اندرونی اسٹوریج کے ساتھ متعارف کروایا جا رہا ہے۔ اتنی بڑی میموری میں اوپو صارفین ہزاروں نہیں تو سینکڑوں فلمیں اور جدید گیمنگ ایپس باآسانی استعمال کر سکتے ہیں۔

اب آتے ہیں اوپو کی اصل شناخت یعنی کیمرہ کی طرف۔۔۔ اوپو فائنڈ ایکس میں سلائڈ کے ساتھ ظاہر ہونے والا 25 میگا پکسل کا ثانوی کیمرہ نصب کیا گیا ہے۔ یہ کیمرہ عام طور اسکرین کے پیچھے چھپا ہوتا ہے لیکن جونہی صارف کیمرہ ایپ کو ٹچ کرتا ہے تو یہ کیمرہ ایک پوپ اپ کی صورت میں ظاہر ہو جاتا ہے۔ جس سے بہترین میعار کی سیلفیز لی جا سکتی ہیں۔ یہی نہیں فائنڈ ایکس میں 16 اور 20 میگا پکسلز کے دہرے عقبی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔

اوپو کے جدید فلیگ شپ فون فائنڈ ایکس کو اگست سے فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔ اس کی قیمت 999 پاؤنڈز مقرر کی گئی ہے۔ جو کہ تقریباً 1159 امریکی ڈالرز میں ہے۔