8 جی بی ریم کا حامل ہوواوے کا پہلا اسمارٹ فون متعارف

23,904

حال ہی میں ہوواوے نے آنر 10 کا نیا ورژن جاری کیا ہے جس میں 8 گیگا بائٹس عارضی میموری نصب کی گئی ہے۔ یہ پہلی بار ہے کہ ہوواوے نے 8 جی بی عارضی میموری کا حامل فون متعارف کروایا ہے۔ اس فون کو ہوواوے آنر 10 GT جی ٹی کا نام دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہوواوے آنر 10 جی ٹی میں 5.8 انچ کی مائع قلماتی LCD اسکرین نصب کی گئی ہے جس کی ریزولیوشن 2280×1080 پکسلز ہے۔ اس میں 24 اور 16 میگا پکسلز کے دہرے عقبی کیمرے اور 24 میگا پکسل کا ثانوی کیمرہ نصب کیا گیا ہے۔ نیز روایت پسند صارفین کے لیے اس میں پرانا 3.5 ملی میٹر آڈیو جیک بھی نصب شدہ ہے۔

یو ایس بی سی ٹائپ چارجنگ پورٹ کے حامل اس فون میں ہوواوے کی مشہور کرن 970 پراسیسر چپ استعمال کی گئی ہے۔ یاد رہے یہ وہی چپ ہے جسے ہواوے کے جدید فلیگ شپ فون P20 پرو میں بھی استعمال کیا گیا ہے۔ نیز اس میں اضافی طور پر گرافکس کے لیے جی پی یو ٹربو بھی نصب کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ سے اسمارٹ فون مارکیٹ میں 8 جی بی ریم پر مشتمل فونز کو متعارف کرانے کی لہر دیکھی جا رہی ہے۔ ہوواوے کا آنر 10 جی ٹی بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ یہ فون رواہ ماہ کے اگلے ہفتہ سے چین میں تقریباً 390 امریکی ڈالرز کی ارزاں قیمت میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔