اب 30 فیصد ویب سائٹس ورڈپریس پر

694

ورڈپریس اب 30 فیصد ویب سائٹس کو چلا رہا ہے۔ ویب ٹیکنالوجی سروے ادارے W3Techs کے ڈیٹا کے مطابق نومبر 2015ء میں ورڈپریس نے 25 فیصد کا سنگ میل عبور کیا تھا یعنی صرف ڈھائی سالوں میں مزید 5 فیصد اضافہ کرلیا ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ اعداد و شمار پوری ویب کو ظاہر کرتے ہیں، چاہے کوئی ویب سائٹ کونٹینٹ مینیجمنٹ سسٹم (CMS) استعمال کرتی ہو یا نہ کرتی ہو۔ اگر ہم مارکیٹ شیئر دیکھیں تو ورڈپریس 60.2 فیصد کا دعویٰ کرتا ہے، جو نومبر 2015ء میں 58.7 فیصد تھا۔ مقابلے میں حریف سی ایم ایس "جملہ” 2.8 سے 3.1 فیصد تک پہنچا ہے، جبکہ "دروپل” 2.1 سے 2.2 فیصد پر ہے۔

واضح رہے کہ یہاں ورڈپریس کا مطلب ہے نان ہوسٹڈ اوپن سورس بلاگنگ سافٹویئر اور ورڈپریس ڈاٹ کام پلیٹ فارم پر ہوسٹڈ دونوں قسم کی ویب سائٹس۔ اس کے لیے W3Techs نے الیگزا رینکنگ میں موجود ٹاپ 10 ملین ویب سائٹس کو اسکین کیا اور پھر تین ماہ کا اوسط نکالا۔ اس بہت بڑی تحقیق سے ادارے نے پایا کہ اب تقریباً ایک تہائی ویب سائٹس ورڈپریس پر چل رہی ہیں۔