اب آئے گا شیاؤمی می بینڈ 3

2,134

شیاؤمی کے می بینڈ بلاشبہ دنیا کے مشہور ترین ویئریبلز میں سے ایک ہیں۔ اب کمپنی نے جدید ترین می بینڈ 3 کا اعلان کردیا ہے جس کی رونمائی 31 مئی کو ہوگی۔

اس خبر کی تصدیق شیاؤمی کے سینئر نائب صدر وانگ سیانگ نے ٹوئٹر پر کی ہے، جن کا کہنا ہے کہ اس موقع پر می 8 فلیگ شپ فون اور MIUI 10 اینڈرائیڈ اسکن کی بھی رونمائی ہوگی۔

اصل می بینڈ میں بہت زیادہ فیچرز نہیں تھے، اس میں ہارٹ ریٹ مانیٹر نہیں تھا لیکن قیمت صرف 13 ڈالرز تھی اور یہ اب بھی اپنی قیمت کے لحاظ سے بہترین ویئریبلز میں شمار ہوتا ہے۔ جہاں یہ نیند کو ٹریک کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا وہیں وائبریٹ ہونے والا الارم اور لمبی بیٹری اس کی بہترین خوبیاں تھیں۔

پھر می بینڈ 2 ایک قدم آگے بڑھا، اس میں ڈسپلے آیا، ہارٹ ریٹ مانیٹر آیا اور اگر صارف کافی دیر بیٹھا رہے تو اسے اٹھنے اور چلنے پھرنے کی تحریک دینے والے ریمائنڈرز بھی ڈالے گئے۔ اس کی قیمت 40 سے 50 ڈالرز تک گئی لیکن یہ بہت فروخت ہوا۔

تو اب می بینڈ 3 میں کیا آئے گا؟ بہتر ڈسپلے اور زیادہ درست ہارٹ ریٹ مانیٹر کی امید ہے۔ دیکھتے ہیں ایک دن بعد پٹاری سے کیا نکلتا ہے؟