اب کرپٹو کرنسی بخار کا علاج ہوگا

2,685

اگر کرپٹو کرنسی کی خرید و فروخت کے بعد آپ کو خوابوں میں بھی بٹ کوائنز نظر آ رہے ہیں تو اس "لت” کا علاج اب ہونے لگا ہے۔

اسکاٹ لینڈ کا کاسل کریگ ہسپتال شراب، نشے اور جوئے کے عادی افراد کے علاج کا مرکز ہے اور اب ہسپتال نے اپنی ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ وہ کرپٹو کرنسی کی لت میں مبتلا ہونے والوں کا بھی علاج کرنے لگا ہے۔

گزشتہ سال ڈجیٹل کرنسیوں نے دنیا بھر میں اودھم مچا دیا تھا، بالخصوص بٹ کوائن 900 ڈالرز سے بڑھتا ہوا 20 ہزار ڈالرز کی قیمت تک پہنچا تھا اور اس کے بعد گرتا گرتا 7 ہزار ڈالرز تک بھی آ گیا۔ کرپٹو کرنسی کی قیمتوں میں تیزی سے آنے والا اضافہ و کمی اور اس اتار چڑھاؤ پر نظر رکھنے کی وجہ سے کسی فرد کی زندگی پر بدترین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ کرپٹو کرنسی میں ٹریڈنگ کرنے والے افراد کی بڑی تعداد ایسی ہے جنہوں نے اپنی ذہنی و جسمانی صحت کو ایک طرف رکھ دیا ہے اور خود کو کرپٹو کرنسی کے لیے وقف کردیا ہے۔ یہ ہسپتال انہی ذہنی مریضوں کا علاج پیش کر رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ دنیا بھر سے کئی افراد نے ہسپتال سے رابطہ بھی کیا ہے۔