اب فیس بک میسنجر پیغامات کا خودکار ترجمہ کرے گا

3,029

فیس بک اپنے میسنجر پلیٹ فارم پر بھیجے گئے پیغامات کا خودکار ترجمہ لا رہا ہے۔ ترجمہ فیس بک کے M Suggestions فیچر کا حصہ ہے جو پہلے ہی میسنجر میں شامل کردیا گیا ہے۔ یہ امریکا اور میکسیکو کے تمام صارفین کے لیے پیش کیا جائے گا لیکن ابتدائی طور پر صرف انگریزی و ہسپانوی کے پیغامات کا ترجمہ کرے گا۔

جب کوئی صارف کہ جس کی بنیادی زبان انگریزی ہو، کو ہسپانوی میں پیغام ملے گا تو اسے خودکار طور پر ایک پوپ اپ ملے گا جس میں پوچھا جائے گا کہ کیا وہ اس شخص کی جانب سے ملنے والے پیغامات کا خودکار ترجمہ چاہتا ہے۔ اگر صارف yes کا انتخاب کرتا ہے تو مستقبل میں ان کی باہمی گفتگو کے تمام پیغامات خودکار طور پر ترجمہ ہو جائیں گے۔ یہ فیچر اس کے الٹ بھی کام کر سکتا ہے یعنی کہ اس صارف کے لیے بھی کہ جس کی بنیادی زبان ہسپانوی ہو اور اسے انگریزی پیغامات موصول ہوں۔ ویسے کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے صارف کو اصل اور ترجمہ شدہ دونوں پیغامات موصول ہوں گے۔

فیس بک نے اپنے ٹرانسلیشن فیچر کا اعلان اپریل میں ہونے والی ایف8 ڈیولپرز کانفرنس میں کیا تھا۔ فیس بک مستقبل میں اس میں مزید زبانیں اور ممالک شامل کرنے کا ارادہ بھی رکھتا ہے۔