اب گوگل میپس سے اوبر یا کریم بُک نہیں ہوگی

2,208

اینڈرائیڈ پر اب گوگل میپس کے ذریعے اوبر (Uber) یا کریم (Careem) بُک نہیں کروائی جا سکتی۔ گزشتہ سال موسم گرما میں آئی او ایس میں اس سہولت کا خاتمہ کیا گیا تھا اور اب اینڈرائیڈ پر گوگل میپس کی ایپ میں بھی ایسا ہی کیا گیا ہے۔

جنوری 2017ء سے گوگل میپس ایپ کے اندر اوبر رائیڈز بُک کروانے کی سہولت دی گئی یعنی صارف بغیر ایپ چھوڑے بکنگ کروا سکتا تھا۔ بعد میں اس میں کریم کا اضافہ بھی کیا گیا۔

لیکن نجانے کس وجہ کو بنیاد بناتے ہوئے گوگل نے باضابطہ طور پر اپنی اینڈرائیڈ ایپ سے بھی اس سہولت کو نکال دیا ہے۔ اب آپ میپس میں قریب موجود اوبر اور کریم کی گاڑیوں اور ان سے سفر کرکے اپنی منزل تک پہنچنے کے ممکنہ اخراجات تو جان سکتے ہیں لیکن بکنگ کے لیے آپ کو اوبر اور کریم کی ایپ میں ہی جانا ہوگا۔

گوگل میپس کے ہیلپ پیج میں واضح طور پر لکھ دیا گیا ہے کہ "اب آپ گوگل میپس سے براہ راست اوبر بُک نہیں کرو اسکتے۔ آپ اپنی منزل کا تعیّن وغیرہ کر سکتے ہیں لیکن گاڑی منگوانے کے لیے اوبر کی ایپ کا ہی استعمال کرنا ہوگا۔” امید تو یہی ہے کہ ایسا گوگل میپس اور اوبر دونوں کی بہتری کے لیے کیا گیا ہوگا۔