اب اوپو کے فائنڈ X میں بھی پوپ-اپ کیمرا آ گیا

2,022

اگر 2018ء میں اسمارٹ فونز کے کسی ایک بڑے رحجان کی بات کی جائے تو وہ یہی ہوگا کہ زیادہ سے زیادہ اسکرین پیش کی جائے۔ اوپو کا نیا فائنڈ X، جس کا اعلان آج پیرس میں باضابطہ طور پر کیا گیا، کئی نئے ڈیزائن خیالات رکھتا ہے تاکہ 6.4 انچ کے ڈسپلے کا زیاد سے زیادہ حصہ اسکرین کے طور پر پیش کیا جائے اور اسے ایک ہاتھ سے پکڑنا بھی آسان ہو۔ فائنڈ X کا ڈیزائن عمدہ ہے اور ادارے کے مطابق اس کا اسکرین-ٹو-باڈی ریشو 93 اعشاریہ 8 فیصد ہے۔ پھر اس میں وہ بدنام زمانہ notch بھی نہیں ہے کہ جو آئی فون X کی آمد کے بعد خوب پھیلی ہے۔

فائنڈ X کی ڈیزائن کی اہم بات اس کا کیمرا سسٹم ہے جو کیمرا ایپ بند کرنے پر مکمل طور پر چھپ جاتا ہے۔ جب آپ فائنڈ X پر کیمرا ایپ کو کھولتے ہیں تو فون کا بالائی حصہ کھل جاتا ہے اور 25 میگاپکسل کا سیلفی کیمرا، 3ڈی فیشل اسکیننگ سسٹم اور 16+20 میگاپکسل کا ڈوئیل کیمرہ کھل جاتا ہے۔ پھر کیمرا ایپ بند کرتے ہی یہ پورا سسٹم واپس فون کے اندر چلا جاتا ہے۔ اوپو کہتا ہے کہ کیمرا صرف نصف سیکنڈ میں کھل سکتا ہے۔

اس کے علاوہ یہ شکل و صورت میں سام سنگ کے گلیکسی ایس9 سے ملتا جلتا ہے، کنارے مڑے ہوئے اور گول ہونے کی وجہ سے۔ اس کا زبردست OLED پینل چوڑائی میں 1080 پکسل کا ریزولیوشن رکھتا ہے۔ کیمرا سسٹم کو چھپانے اور مڑی ہوئی اسکرین استعمال کرنے کی وجہ سے ہی اوپو کے لیے ممکن ہو سکا کہ فون کے ایک کنارے سے دوسرے کنارے تک اسکرین کو پھیلائے، وہ بھی کیمروں کے لیے notch لگائے بغیر۔

یہ ایسا کرنے والا پہلا فون نہیں ہے، ابھی پچھلے ہفتے ہی ویوو نے اپنا نیکس فون لانچ کیا ہے جس میں پوپ-اپ فرنٹ کیمرا ہے لیکن اوپو اس لیے مختلف ہے کیونکہ اس نے آگے اور پیچھے والے دونوں کیمروں کے لیے یہ سسٹم استعمال کیا۔

لیکن ۔۔۔۔ فائنڈ X میں فنگرپرنٹ پہچاننے کا کوئی نظام نہیں، نہ ہی روایتی اسکیننگ پیڈ اور نہ ہی نیکس جیسا اسکرین کے اندر نصب سسٹم، اس کے بجائے یہ فون 3ڈی فیشل اسکینر استعمال کرتا ہے، جو پوپ-اپ کیمرا کے ساتھ نصب ہے۔ آپ فون کی لاک اسکرین پر جیسے ہی سوائپ کریں گے تو اس کا بالائی حصہ کھل جائے گا، آپ کا چہرہ پہچانے گا اور فون کو ان لاک کردے گا۔

منفرد ڈیزائن کے ساتھ ساتھ فائنڈ X میں بہت کچھ ہے۔ کویلکوم کا اسنیپ ڈریگن 845 پروسیسر، 8 جی بی ریم اور 256 جی بی کی اسٹوریج کے علاوہ 3730 ملی ایمپیئر آور کی بیٹری بھی اس میں نصب ہے۔ یہ ڈوئل سم فون ہے۔ سافٹویئر دیکھیں تو اس میں اینڈرائيڈ 8.1 اوریو ہوگا جبکہ اوپر کے کلر او ایس کا تڑکا بھی شامل ہوگا۔

فائنڈ X آج سے چین میں آرڈر کے لیے دستیاب ہوگا اور ممکنہ طور پر اس کی قیمت مقابل اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز سے کم ہی ہوگی۔