اچھے مقصد کے لیے کرپٹو جیکنگ

955

کسی کے براؤزر پر کنٹرول حاصل کرکے اسے سے کرپٹوکرنسی مائن کرنا ایک منفی حرکت تصور کی جاتی ہے، لیکن یونیسیف آسٹریلیا اسے ایک اچھے مقصد کے لیے استعمال کر رہا ہے۔

خیراتی ادارے نے "The HopePage” کے نام سے ایک صفحہ جاری کیا ہے جو صارفین کو اجازت دے گا کہ وہ اس ویب پیج کو اوپن رکھیں اور اپنے سی پی یو کو استعمال کرنے کی اجازت دیں تاکہ یونیسیف ڈجیٹل کرنسی کی مائننگ کر سکے۔ اس نے کوائن ہائیو نامی ایپلی کیشن کا استعمال کیا ہے جو مونیرو نامی کرنسی مائن کرتا ہے۔

آپ جب بھی اس پیج پر جائیں گے تو آپ کو تصدیق اور انتخاب کرنا ہوگا کہ آپ 20 سے 80 فیصد کے درمیان کتنی پروسیسنگ پاور دینا چاہتے ہيں؟

یونیسیف آسٹریلیا کی ڈائریکٹر فنڈریزنگ اینڈ کمیونی کیشنز جینیفر ٹیئرنی نے کہا کہ "ہم موجودہ انسانی مسائل کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے اور ان مسائل میں پھنسنے والے بچوں کے لیے فنڈز اکٹھے کرنے کی خاطر ابھرتی ہوئی نئی ٹیکنالوجیوں کا فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ ہوپ پیج آسٹریلیا کے باشندوں کو صرف پیج کھول کر اور اس پر آن لائن رہ کر بچوں کی مدد کرنے کی سہولت دیتا ہے۔”

اچھے مقاصد کے لیے کرپٹو کرنسی کی مائننگ کوئی نئی چیز نہیں۔ فروری میں یونیسیف نے گیمرز سے کہا تھا کہ وہ شام کی خانہ جنگی میں متاثر ہونے والے بچوں کی مدد کے لیے کلیمور نامی مائننگ سافٹویئر انسٹال کریں۔

کرپٹوکرنسی کی مائننگ بہت زیادہ پاور مانگتی ہے اور کمپیوٹر کے سی پی یو کو ہمہ وقت اتنے زیادہ کام میں لگائے رکھنا اس کی عمر کو کم کر سکتا ہے۔ اگر آپ اس حوالے سے پریشان ہیں تو بہتر یہی ہے کہ اپنے ہاتھ سے عطیات دیں۔