ایک دو نہیں کئی اور وہ بھی سستے آئی فون ماڈلز

1,712

ایپل کی جانب سے اگلے مہنگے ترین آئی فون ماڈل کا تذکرہ تو آپ سن ہی چکے ہوں گے. ابھی حال ہی میں اس مہنگے آئی فون کے متعلق کمپیوٹنگ میں بھی مضمون شائع ہوا ہے۔ جسے پڑھ کر قوتِ خرید نا رکھنے والے کئی آئی فون شائقین یقیناً مایوس ہوئے ہوں گے۔ لیکن دل برداشتہ نا ہوں، کیونکہ اچھی خبر یہ ہے کہ آئی فون متوسط طبقہ کے لیے نسبتاً سستا آئی فون ماڈل متعارف کروا رہا یے۔ اور متوقع طور پر یہ ایک نہیں بلکہ کئی ماڈل ہو سکتے ہیں۔

فرانسیسی ٹیکنالوجی بلاگ کونسومیک کی شائع کردہ ایک رپورٹ کے مطابق ایپل نے حال ہی میں یوریشین اکنامک کمیشن (ECC) سے کئی آئی فون ماڈلز رجسٹر کروائے ہیں۔ ان ماڈل نمبرز میں A1920, A1921, A1984, A2097, A2098, A2099, A2101, A2103, A2104, A2105 اور A2106 شامل ہیں۔

آئی فون کے رجسٹرڈ کردہ ماڈلز کا خاکہ (تصویر بشکریہ کونسومیک)

ان میں سے ہر ماڈل نمبر ایک منفرد اور برانڈڈ آئی فون کی نمائندگی کرتا ہے جس پر آئی او ایس 11 آپریٹنگ نظام نصب کیا گیا ہے۔ لیکن خوش ہونے سے پہلے یہ جان لیجیے کہ ضروری نہیں کہ ایپل یہ گیارہ کے گیارہ آئی فون ماڈلز متعارف کروانے جا رہا ہے۔ ہو سکتا ہے ان ماڈلز کی تعداد رجسٹرڈ کردہ نمبرز کے مقابلے میں کہیں کم ہو۔

اکثر اوقات ایپل اپنے ایک ہی آئی فون ماڈل کے لیے مختلف ممالک کے لیے دو یا تین نمبرز بھی رجسٹر کرواتا ہے۔ اگر اس روایت کو دیکھا جائے تب بھی توقع کی جا سکتی ہے کہ ایپل درجہ بالا ماڈلز کے مطابق جو آئی فونز متعارف کروائے گا اس کی تعداد ایک سے زائد ہو سکتی ہے۔

خبر کے مطابق آئی فون کے یہ اگلے ماڈل ممکنہ طور پر آئی فون ایس ای لائن کی اپگریڈ ہو سکتے ہیں۔ جسے آخری بار 2016 میں جاری کیا گیا تھا۔ ایپل کا یہ سستا آئی فون ماڈل چار انچ کی اسکرین کے ساتھ تقریباً 350 ڈالرز کی قیمت میں متعارف کروایا گیا تھا۔ اسی تسلسل کو قائم رکھتے ہوئے ایپل مزید ماڈلز بھی متعارف کروانے کا ارادہ رکھتا ہے۔