ایک گھنٹہ طویل وڈیو، انسٹاگرام یوٹیوب کو چیلنج کرتا ہوا

2,895

اپنے اگلے جنم میں انسٹاگرام ایک اور ادارے کو حریف بنا سکتا ہے: یوٹیوب کو!

فوٹوشیئرنگ ایپ انسٹاگرام ایک ایسے فیچر کے لیے تیاری کر رہی ہے جو صارفین کو اپنی وڈیوز پیش کرنے کی اجازت دے گا، چاہے وہ ایک گھنٹہ لمبی وڈیو ہی کیوں نہ ہوں۔ اس وقت انسٹاگرام پر اپلوڈ کرنے کے لیے وڈیوز کی طوالت کی حد 60 سیکنڈز ہے جبکہ اسٹوریز میں صرف 15 سیکنڈز کی وڈیوز ڈالی جا سکتی ہیں۔

وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ میں یہ تو نہیں بتایا گیا کہ یہ فیچر کام کس طرح کرے گا، لیکن لگتا ہے کہ یہ انسٹاگرام اسٹوریز میں کوئی نیا اضافہ ہوگا۔ یہ طویل وڈیو vertical یعنی عمودی ہوگی، اور اس معاملے پر ادارہ پبلشرز اور کونٹینٹ کریئیٹرز کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے۔

یہ بھی واضح نہیں ہے کہ یہ فیچر کب پیش کیا جائے گا، لیکن جب بھی کیا گیا انسٹاگرام کی بہت بڑی چھلانگ ہوگی، جو اب تک بالکل چھوٹی وڈیوز پر توجہ رکھے ہوئے ہے۔

ایک طرف جہاں یہ قدم ایپ کے لیے کئی نئے مواقع بھی لائے گا کیونکہ لمبی وڈیوز میں زیادہ اشتہارات شامل کیے جا سکتے ہیں، دوسری جانب فیس بک کو وڈیو کے میدان میں یوٹیوب کی اجارہ داری پر ضرب لگانے کا بھی موقع دے گا۔

یوٹیوب کی طرح انسٹاگرام بھی ایسے صارفین کی بہت بڑی تعداد رکھتا ہے جو اپنی بہت زیادہ فالوونگز کی وجہ سے اثر و رسوخ رکھتے ہیں۔ فیس بک یوٹیوب کا مقابلہ کرنا چاہتا ہے کیونکہ یوٹیوب گزشتہ ہفتے جاری ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق امریکا میں نوجوانوں میں سب سے مقبول سوشل نیٹ ورک بن چکا ہے۔