ایک ہی دن میں مارک زکربرگ کو 3 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان
مارک زکربرگ کے اس فیصلے کے بعد کہ فیس بک پر اشتہارات کی بھرمار کو کم کیا جائے گا اور صارفین کے دوست احباب کے پوسٹس کو نیوز فیڈ میں زیادہ اہمیت دی جائے گی، فیس بک کے حصص کی مالیت میں ساڑھے چار فیصد تک کمی ہوگئی ہے۔ یوں جمعے کے روز دن کے آغاز پر مارک زکربرگ کی زیر ملکیت حصص کی مالیت 77.8 ارب ڈالر تھی جو دن کے اختتام پر گھٹ کر 74 ارب ڈالر ہوگئی۔
اس طرح ایک ہی دن میں دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں چوتھے نمبر پر براجمان مارک زکربرگ پانچویں نمبر پر چلے گئے اور ان کی جگہ ہسپانوی بزنس مین Amancio Ortega نے لی ہے۔
مارک زکربرگ کی پیش کردہ نئی پالیسی کے دور رس نتائج برآمد ہونگے۔ اس کا براہ راست اثر فیس بک کی کمائی پر ہوگا کیونکہ نئی پالیسی کے مطابق نیوز فیڈ میں کاروباری اشتہارات اور پوسٹس کو کم سے کم دکھایا جائے گا۔ اشتہارات اور اسپانسرڈ پوسٹس کا فیس بک کی کمائی میں مرکزی کردار ہے۔