ایک خاص آئی فون X، سولر پینل اور اضافی بیٹری کے ساتھ

3,050

روس میں ایکسیسریز بنانے والے معروف ادارے کیویئر (Caviar) نے اپنے خاص آئی فون X کی رونمائی کی ہے۔ آئی فون X ‘ٹیسلا’ نامی یہ فون اپنا سولر پینل اور بیٹری بھی رکھتا ہے جبکہ ڈیزائن کے حوالے سے بھی اسے کچھ آراستہ کیا گیا ہے۔ کیویئر کا یہ نیا خاص آئی فون X ٹیسلا سے کوئی براہ راست تعلق نہیں رکھتا، محض اس سے متاثر ہوکر بنایا گیا ہے۔

آئی فون X ٹیسلا ڈیوائس کے وزن کو 170 گرام سے 260 تک لے جاتا ہے اور موٹا بھی کافی کر دیتا ہے، 7.7 ملی میٹر سے 16.2 ملی میٹر۔ شاک ریزسٹنٹ یعنی چوٹ لگنے کی صورت میں محفوظ رکھنے والے سولر پینل کے علاوہ باقی سارا کام کاربن فائبر کا ہے۔

گو کہ دیکھنے میں یہ بڑی شاہکار چیز لگتی ہے لیکن اب تک اس کے سولر پینل کی صلاحیت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔ کیونکہ یہ پینل دوسری بیٹری کے ساتھ جوڑا گیا ہے اس لیے لگتا ہے کہ صارفین بیک اپ چارج بڑے عرصے تک چلا سکتے ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ کہ کیویئر آئی فون X ٹیسلا کے صرف 99 یونٹ بنا رہا تھا لیکن طلب بڑھنے کی وجہ سے اب 999 تیار کر رہا ہے۔ مبینہ طور پر ادارہ پہلے پانچ فون ایلون مسک کو دے گا۔

آئی فون X ٹیسلا 64 جی بی ماڈل 4587 ڈالرز کا ہوگا جبکہ 256 جی بی اسٹوریج کے ساتھ قیمت 4829 ڈالرز ہوگی۔