800 سے زیادہ کرپٹو کرنسیز کا خاتمہ ہو چکا ہے

گزشتہ ڈیڑھ، دو سالوں میں ہم نے دیکھا کہ آگے، پیچھے، دائیں، بائیں ہر طرف نت نئی کرپٹو کرنسیاں جنم لے رہی تھیں لیکن اب ان میں سے 800 سے زیادہ اپنی موت آپ مر چکی ہیں اور اب ایسا لگتا ہے کہ ڈیجیٹل کوائن مارکیٹ کا حال بھی ویسا ہی ہونے والا ہے جیسا کہ 2000ء میں ڈاٹ کام ببل میں ہوا تھا۔

نئے ڈجیٹل ٹوکنز ایک عمل کے ذریعے تخلیق کیے جاتے ہیں جسے Initial Coin Offering یا ICO کہتے ہیں جہاں کوئی اسٹارٹ اپ کوئی نیا کوائن جاری کرتا ہے جسے سرمایہ کار خرید سکتے ہیں۔ سرمایہ کار ادارے میں کوئی حصص تو نہیں پاتا لیکن وہ ادارے کی کسی پروڈکٹ کی خریداری میں ان کا استعمال ضرور کر سکتا ہے۔ عام طور پر لوگ ICO میں تب خریداری کرتے ہیں جب کوائنز بہت سستے ہوں اور مستقبل میں ان سے بڑی آمدنی متوقع ہو۔

آئی سی اوز میں ہم نے بہت ہنگامہ خیزی دیکھی ہے۔ 2017ء میں اداروں نے آئی سی اوز کے ذریعے 3 اعشاریہ 8 ارب ڈالرز حاصل کیے، لیکن 2018ء میں آدھے سال ہی میں یہ تعداد 11 اعشاریہ 9 ارب ڈالرز تک پہنچ چکی ہے۔ البتہ سینکڑوں ایسے منصوبے ہیں جو ختم ہو چکے ہیں جس کی وجہ ہے ان کا جعلی ہونا، مذاق ہونا یا پروڈکٹ کا حقیقی روپ نہ دھار پانا۔ ایک ویب سائٹ Dead Coins، جو ایسی کرپٹو کرنسیوں کا ریکارڈ مرتب کرتی ہے، کے مطابق اب تک 800 سے زیادہ ڈجیٹل ٹوکنز ایسے ہیں جنہیں وہ مردہ سمجھتی ہے۔ ان کے کوائنز کی کوئی حیثیت نہیں اور ایک سینٹ سے بھی کم قیمت رکھتے ہیں۔

دوسری جانب مارکیٹ کی سب سے بڑی کرنسی بٹ کوائن ہی کو دیکھ لیں تو اندازہ ہوتا ہے کہ اس کے لیے یہ ایک بہت مشکل سال رہا ہے۔ بٹ کوائن کی قیمت گزشتہ سال لگ بھگ 20 ہزار ڈالرز تک پہنچی تھی لیکن اب 70 فیصد گھٹ چکی ہے۔ بٹ کوائن کی قیمت میں آنے والی اس زبردست کمی کا تقابل 2000ء میں نیس ڈیک میں آنے والے زوال سے کیا جا رہا ہے اور کئی کرپٹو کرنسیوں کی ناکامی کو بھی اُس وقت کے ڈاٹ کام ببل سے ملایا جا رہا ہے۔

آئی سی اوز میں سرمایہ کاری بہت خطرناک ہے اور اس شعبے میں فراڈ بہت زیادہ ہے۔ رواں سال جیزا کے نام سے بھی ایک جعلی آئی سی او مشہور ہوا تھا جو سرمایہ کاروں کے 2 ملین ڈالرز لے اڑا۔ یہی وجہ ہے کہ کرپٹو کرنسی کا شعبہ بہت دباؤ میں ہے لیکن اس کے باوجود کئی حلقے پرامید ہیں بلکہ کرپٹو کرنسی ایکسچینج بٹ میکس کے مالک آرتھر ہیز کا اب بھی کہنا ہے کہ رواں سال کے اختتام تک بٹ کوائن 50 ہزار ڈالرز تک جا سکتا ہے۔

بٹ کوائنکرپٹو کرنسی