اب "جی میل” گو ایپ بھی آ گئی

گوگل نے اپنے "گو” ایپس سلسلے میں نئی ایپ "جی میل گو” جاری کردی ہے۔

بنیادی قسم کے اور کم طاقتور پروسیسر رکھنے والے فونز اور محدود کنیکٹیوٹی رکھنے والے یا مہنگے سیلولر ڈیٹا کے حامل علاقوں کے لیے تیار کردہ گو ایپس اسمارٹ فونز پر کم جگہ گھیرتی ہیں اور بنیادی نوعیت کے تمام کام کرتی ہیں۔

جی میل گو آپ کو متعدد اکاؤنٹس سنبھالنے، سوشل اور پروموشنل ای میلز کوخودکار طور پر فلٹر کرنے اور ساتھ ہی دوستوں اور اہل خانہ کی ای میلز کو ترجیح دینے، نئي ای میل کا نوٹیفکیشن پانے، اور 15 جی بی کی مفت اسٹوریج تک رسائی کی سہولت دیتی ہے۔ آپ اس ایپ میں آن لائن یا آف لائن دونوں صورتوں میں ای میل پڑھ بھی سکتے ہیں اور جواب بھی دے سکتے ہیں۔ البتہ چند فیچرز موجود نہیں ہوں گے جیسا کہ تصاویر خود بخود لوڈ نہیں ہوں گی، جس کی وجہ ہے کم روم اور ریم کا استعمال۔

جی میل گو نہ صرف آپ کے فون پر کہیں کم جگہ گھیرتی ہے، بلکہ یہ عام جی میل ایپ کے مقابلے میں کہیں کم ڈیٹا بھی استعمال کرے گی۔ گو سیریز دراصل پاکستان سمیت ان ممالک میں گوگل کی مصنوعات کے پھیلاؤ کے منصوبہ کا حصہ ہیں کہ جہاں کم میموری اور اسٹوریج والے فونز عام ہیں اور تیز انٹرنیٹ بڑے پیمانے پر موجود نہیں۔

جی میل گو اب آن لائن دستیاب ہے اور ایسی ہی دوسری ایپس یوٹیوب گو، فائلز گو اور کروم گو کے بعد گوگل کا نیا اضافہ ہے۔

جی میلگوگل گو