اب ہائبرڈ موٹر سائیکلیں بھی میدان میں

ہائبرڈ موٹر سائیکلیں گزشتہ ایک دہائی سے ہدف پر موجود ہیں لیکن اس سلسلے میں بہت کم کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔ پہلی ہائبرڈ موٹر سائیکل 13 سال قبل 2005ء میں ٹوکیو میں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی جس کا نام یاماہا جین ریو تھا۔ 2009ء میں اس موٹر سائیکل کو عوام کے لیے پیش کرنے پر کافی کام ہوا لیکن عالمی مالیاتی بحران کی وجہ سے یہ منصوبہ ختم ہوگیا۔ ٹوکیو موٹر شو میں ہونڈا کی پیش کردہ واحد ہائبرڈ موٹر سائیکل تین پہیوں والی نیو ونگ تھی۔ 2015ء کے بعد یہ موٹر سائیکل پھر نظر نہ آئی۔ پیاجیو نے اپنی تین پہیوں والی موٹر سائیکل کا ہائبرڈ ورژن 2010ء میں پیش کیا تھا لیکن اس کی قیمت بہت زیادہ ہوگئی تھی اس لیے فروخت کے لیے نہیں بنائی گئی۔

اس وقت ہونڈا، یاماہا، کاواساکی اور سوزوکی سب نے موٹر سائیکلوں میں ہائبرڈ ٹیکنالوجی کے حوالے سے پیٹنٹس لے رکھے ہیں لیکن موٹر سائیکلیں ویسے بھی کم ایندھن کھاتی ہیں اور ان سے ہونے والی آلودگی بھی کم ہوتی ہیں تو انہیں اتنا پیچیدہ اور مہنگا بنانے کی ضرورت کیا ہے؟ ہو سکتا ہے اس کا جواب جلد ہی ہونڈا پیش کردے۔

ہونڈا نے آج 14 ستمبر سے جاپان میں اپنی پی سی ایکس ہائبرڈ کی فروخت شروع کرنے کا اعلان کیا ہے یعنی وہ دنیا کی پہلی بڑے پیمانے پر بنائی گئی موٹرائزڈ اسکوٹر پیش کرے گا جو ہائبرڈ ہے۔ یہ گزشتہ سال اکتوبر میں ٹوکیو میں پریس کانفرنس میں پیش کردہ موٹر سائیکل سے زیادہ مختلف نہیں ہے۔ پی سی ایکس ہائبرڈ رواں سال کے اوائل میں جاری ہونے والی پی سی ایکس کے جدید ترین ماڈل پر تیار کی گئی ہے اور اس کی کے بارے میں دعویٰ ہے کہ یہ زیادہ طاقتور اور بہتر ایندھن بچت رکھتی ہے۔

اس موٹر سائیکل میں 48 وولٹ کی ہائی آؤٹ پٹ لیتھیئم آیون بیٹری ہے اور اے سی جی اسٹارٹر موٹر اضافی طاقت دیتا ہے۔ پی سی ایکس ہائبرڈ کی قیمت جاپان میں 4 لاکھ 32 ہزار ین ہوگی یعنی لگ بھگ 4 ہزار ڈالرز۔ اس کے مقابلے میں اسٹینڈر پی سی ایکس 125 تقریباً 3100 ڈالرز کی، پیسی ایکس 150 تقریباً 3400 ڈالرز کی اور پی سی ایکس 150 مع اے بی ایس تقریباً 3600 ڈالرز کی ہیں۔ یعنی پی سی ایکس ہائبرڈ پی سی ایکس 125 سے 810 ڈالرز زیادہ مہنگی ہے۔

پی سی ایکس ہائبرڈ کے بارے میں دعویٰ ہے کہ یہ فی لیٹر لگ بھگ 52 کلومیٹرز چلے گی جبکہ پی سی ایکس 125 ایک لیٹر میں 50 اعشاریہ 7 اور پی سی ایکس 150 ایک لیٹر میں 46 کلومیٹر چلتی ہے۔ یعنی کہ پی سی ایکس ہائبرڈ خریدنے کا اس لحاظ سے کچھ خاص فائدہ نہیں، الّا یہ کہ آپ خود کو ذمہ دار شہری سمجھتے ہوئے یہ موٹر سائیکل حاصل کریں اور آلودگی کو کم کرنے میں مدد دیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہونڈا نے مقامی سطح پر پہلے سال صرف 2 ہزار ایسی موٹر سائیکلیں فروخت کرنے کا ہدف بنایا ہے۔

بہرحال، یہ ہائبرڈ موٹر سائیکلوں کے عہد کا آغاز ضرور ہے اور چاہے یہ آپ کی جیب کا بوجھ ہلکا نہ بھی کریں تو یہ ممکن ہے کہ چند دہائیوں بعد آپ اس تاریخی ماڈل کو نیلامی میں بیچ کر اپنے پیسے کھرے کرلیں۔

ہائبرڈہونڈا