بہترین کروم ایکسٹینشنز، اپنے براؤزر کو طاقتور بنائیں

گوگل کروم بلاشبہ سب سے مقبول ویب براؤزر ہے۔ اس کی رفتار اور سادگی ہی اس کی کامیابی کی سب سے بڑی وجہ ہے لیکن جو پہلو اسے مزید طاقتور بناتا ہے وہ ہے اس کا کروم ویب اسٹور۔ یہاں موجود ایکسٹینشنز براؤزنگ کو اور آسان، زیادہ دلچسپ اور تعلیم میں مددگار بھی بناتی ہیں۔ چلیں آج آپ کو بتاتے ہیں کہ یہاں بہترین پلگ انز کون سے ہیں؟

اگر آپ ہماری طرح کتابی کیڑے ہیں یا لکھنے کا کام کرتے ہیں تو آپ کو ان کروم ایکسٹیشنز کو ضرور آزمانا چاہیے۔

گرامرلی: یہ انگلش کے لیے ایک فوری اسپیل چیکر ہے جو گرامر کو بھی چیک کرتا ہے۔ چاہے آپ دفتری ای میلز کر رہے ہو یا فیس بک پوسٹ لکھ رہے ہوں، یہ آپ کی زبان و بیان کی درستگی کا کام کرتا ہے۔ آپ کو ضرورت ہوگی Grammarly.com پر صرف ایک اکاؤنٹ کی، یہ بالکل مفت اور بہت ہی سادہ ہے۔

گوگل ڈکشنری: یہ بھی بہت سادہ اور بہترین ڈکشنری یعنی لغت ہے۔ آپ کسی بھی ویب پیج پر موجود ہیں، کسی بھی لفظ کو دو مرتبہ کلک کیجیے یہ فوری طور پر آپ کو اس کا مطلب بتا دے گا۔

اسپریڈ: یہ نام دراصل "اسپیڈ” اور "ریڈ” کا ملاپ ہے، یعنی یہ آپ کو آن لائن موجود مواد کو پڑھنے کی رفتار بہتر بنانے کی تربیت دیتی ہے۔ یہ خاص طور پر ہم جیسے ان سست الوجود افراد کے لیے ہے جو یونیورسٹی میں اپنے اسائنمنٹس کو آخری لمحے تک کے لیے لٹکا کر رکھتے ہیں اور پھر جب بہت زیادہ کام سر پر پڑ جاتا ہے تو گھبرائے گھبرائے پھرتے ہیں۔

منصوبہ سازوں اور کام کرنے والوں کے لیے بھی کروم ویب اسٹور پر بہت کچھ ہے، جیسا کہ

کلک اینڈ کلین: یہ آپ کے براؤزر کے بیک اینڈ پر نگرانی رکھنے کا کام کرتی ہے۔ یہ آپ کو کمپیوٹر کی سرچ ہسٹری، ڈاؤنلوڈ ہسٹری، ٹیمپرری فائلز اور کوکیز کو صاف کرکے صرف ایک کلک میں اسے صاف ستھرا کر دیتی ہے۔

لاسٹ پاس: ہم دن بھر میں کئی کام نمٹاتے ہیں اور اس کے لیے کئی لاگ انز اور پاس ورڈز بھی یاد رکھنا پڑتے ہیں۔ آج کے سکیورٹی کے لیے خطرناک ماحول میں ویسے بھی بارہا پاس ورڈز بدلنا، انہیں بہتر سے بہترین بنانا اور پھر یاد بھی رکھنا بڑا مشکل کام ہے۔ اس کام کے لیے موجود ہیں پاس ورڈ مینیجرز جن میں سے بہترین ہے لاسٹ پاس۔ یہ ایکسٹینشن آپ کے تمام پاس ورڈز کو ایک جگہ جمع کرتی ہے تاکہ آپ کو صرف ایک پاس ورڈ یاد رکھنا پڑے، یعنی صرف لاسٹ پاس کا پاس ورڈ۔

لیف: آپ کے ذہن میں کوئی اچھوتا خیال آیا، لکھنے کے لیے کوئی اچھا سا جملہ یا تحریر کے لیے کوئی عمدہ تصور تو یہی وقت ہے کہ اسے نوٹ کرلیں۔ اس کام کے لیے ‘لیف’ ایک ضروری پلگ ان ہے۔ یہ آپ کے ٹول بار میں ایک ننھے سے گلابی پتّے کی صورت میں نظر آتی ہے اور جب آپ اس پر کلک کرتے ہیں تو ایک نوٹ کھل جاتا ہے۔ یہاں آپ الگ عنوانات کے ساتھ فہرست بھی بنا سکتے ہیں اور اس میں سرچ کی سہولت بھی ہے، یعنی بھولے بسرے کئی آئیڈیاز کو تلاش بھی کر سکتے ہیں۔

ٹو ڈو اسٹ: اگر آپ روزمرہ کے کاموں کی فہرست کو منظم کرنے کے لیے کچھ استعمال کرنا چاہتے ہیں تو یہ ایک آل راؤنڈر ایکسٹینشن ہے۔ آپ اس میں کاموں کو ترجیحات کی بنیاد پر بھی مرتب کر سکتے ہیں، ان کی تاریخیں اور وقت بھی متعین کر سکتے ہیں اور اپنا ہفتے بھر کا منصوبہ بھی ترتیب دے کر اس پر ڈال سکتے ہیں۔ صرف کروم ایکسٹینشن کی صورت میں ہی نہیں بلکہ تقریباً ہر بڑے پلیٹ فارم پر اس کی ایپس موجود ہیں یعنی آپ کہیں پر بھی ہوں، یہ آپ کو کام کے بارے میں یاد دلاتی رہے گی۔

سکیورٹی اور پرائیویسی آجکل ایک اہم ترین مسئلہ ہیں۔ فیس بک اسکینڈل سامنے آنے کے بعد تو وہ افراد بھی اس بارے میں جان گئے ہیں جو عموماً تکنیکی معلومات سمجھتے ہوئے اس سے صرفِ نظر کرتے تھے۔ گوگل کروم پر آپ کو سکیورٹی کے لیے بھی کافی ایکسٹینشنز ملیں گی، جن میں سے چند مندرجہ ذیل ہیں:

نو کوائن: کرپٹو کرنسی اب بھی دنیائے ٹیکنالوجی میں اہم ترین موضوعات میں سے ایک ہے اور اس کا سب سے بھیانک پہلو یہ ہے کہ ویب سائٹس اور ہیکرز آپ کے کمپیوٹر کو استعمال کرتے ہوئے ورچوئل کوائنز کو "مائن” کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ کام مختلف ویب سائٹس میں کوڈ شامل کرکے کیا جاتا ہے اور آپ جیسے ہی ویب سائٹ کھولتے ہیں، وہ آپ کے کمپیوٹر کی پاور کا استعمال کرتے ہوئے کوائنز بنانا شروع کر دیتا ہے، وہ بھی آپ کے علم میں لائے بغیر۔ اس کام کو اصطلاحاً کرپٹو جیکنگ کہا جاتا ہے۔ خوش قسمتی سے آپ اس سے بچ سکتے ہیں اور یہ کام کرتی ہے یہ ایکسٹینشن، جو تمام کرپٹو کرنسی مائنرز کو بلاک کر دیتی ہے۔

ڈک ڈک گو پرائیویسی اسینشلز: یہ ایکسٹینشن آپ کے آن لائن ڈیٹا کو محفوظ کرنے کا ایک قابل اعتماد طریقہ ہے۔ یہ ایڈ-آن ہر اس ویب سائٹ کو پرائیویسی گریڈ (A سے F تک) دیتی ہے جس کا آپ وزٹ کرتے ہیں اور آپ کو بتاتی ہے کہ آپ انٹرنیٹ پر کتنے محفوظ ہیں۔ اس کا پرائیوٹ سرچ باکس آپ کو ٹریک ہونے سے بچاتا ہے اور ساتھ ہی یہ جہاں دستیاب ہو وہاں محفوظ HTTPS ورژنز استعمال کرتا ہے۔

یہ تمام ایکسٹینشنز مفت ہیں اور آپ کو کروم ویب اسٹور پر ہزاروں مزید مل جائیں گی۔ آپ کیا کام کرتے ہیں اور آپ کو کس طرح کی مدد کی ضرورت ہے، اس کے مطابق آپ بہت کچھ پا سکتے ہیں۔

کروم ایکسٹینشنگوگل کروم