کرپٹو کرنسی مارکیٹ کریش کرگئی، بٹ کوائن کی قیمت میں زبردست کمی

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بٹ کوائن کی قیمت میں 1 ہزار ڈالر فی بٹ کوائن تک کمی ہوچکی ہے۔ کرپٹو کرنسی مارکیٹ میں جاری شاک کی کیفیت نے تمام کرپٹو کرنسیز کو متاثر کررکھا ہے۔ بٹ کوائن سمیت سبھی کرنسیز کی قیمتوں میں زبردست کمی دیکھی جارہی ہے۔ سب سے زیادہ مارکیٹ کپیٹل رکھنے والی 10 ٹاپ کرپٹو کرنسیز کی قدروں میں تقریباً 20 فیصد تک کمی ہوچکی ہے۔ مثلاً ایتھیریم کی قیمت تادم تحریر 227 ڈالر ہے جبکہ گزشتہ روز یہ تین سو ڈالر کے لگ بھگ تھی۔

یہ بات نامعلوم ہے کہ ایسا کیوں ہوا۔ تاہم زیادہ تر کرپٹو کرنسی ٹریڈرز کا ماننا ہے کہ معروف کمپنی Goldman Sachs کی جانب سے کرپٹو کرنسی ڈیسک کا منصوبہ ترک کرنے کی خبروں نے مارکیٹ پر منفی اثر ڈالا ہے۔ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ اس کمی کی وجہ بٹ کوائن ویلز ہیں۔ یہ وہ لوگ یا ادارے ہیں جن کے پاس بڑی تعداد میں بٹ کوائن موجود ہیں اور یہ جب بٹ کوائن بیچنا یا خریدنا شروع کرتے ہیں تو بٹ کوائن کی قیمت پر بہت اثر پڑتا ہے۔

بٹ کوائن کی طرح ایتھیریم، رِپل، بٹ کوائن کیش اور EOS کی قیمتوں میں بھی زبردست کمی ہوئی ہے اور ان میں ہونے والی کمی بٹ کوائن سے بھی زیادہ ہے۔ ابھی گزشتہ ہفتے ہی بٹ کوائن کی قیمت میں کافی اضافہ ہوا تھا اور یہ سات ہزار ڈالر فی بٹ کوائن کی قیمت کو پہنچ گیا تھا۔

کرپٹو کرنسیز پر نظر رکھنے والی ماہرین نے عام الناس کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کرپٹو کرنسیز کی قیمت میں ہونے والے زبردست اضافے سے اسے خریدنے کی جانب مائل نہ ہوں کیونکہ یہ اضافہ عارضی بھی ہوسکتا ہے۔

ایتھیریمبٹ کوائنکرپٹو کرنسی