انرجائزر کی جانب سے سب سے بڑی بیٹری والا اسمارٹ فون

اسمارٹ فون خریدتے وقت ہم کئی چیزوں کو مدنظر رکھتے ہیں مثلاً آج کل چونکہ اسمارٹ فون کا کیمرا اچھا ہونا بہت ضروری ہے تو ہم پہلا جائزہ اسی چیز کا لیتے ہیں کہ فون میں موجود کیمرے سے اچھی تصویریں بننی چاہئیں۔

اسمارٹ فون کا ڈیزائن خوبصورت ہونا ضروری ہے اور اس میں اچھا ہارڈویئر بھی نصب ہونا چاہیے۔ لیکن آج کل اسمارٹ جہاں پہنچ چکے ہیں وہاں لگتا ہے سب سے اہم چیز ان کی بیٹری ہے۔

اسمارٹ فونز آج کل جس تیزی سے بیٹری کو استعمال کرتے ہیں اس سے تنگ آ کر اکثر لوگ تو دو دو فون رکھنے لگے ہیں بلکہ کئی تو اپنے ساتھ ایک پرانا فیچر فون رکھتے ہیں کیونکہ اس کی بیٹری آج کل کے اسمارٹ فونز سے کئی گنا زیادہ وقت چلتی ہے۔

اگر آپ بھی ان باتوں سے پریشان ہیں تو آپ کو انرجائزر Energizer کے اسمارٹ فون پاور میکس پی 16 کے پرو Energizer Power Max P16K Pro کا جائزہ لینا چاہیے۔

جیسا کہ آپ جانتے ہوں گے کہ انرجائزر بیٹری بنانے والی ایک معتبر کمپنی ہے بلکہ آپ نے ان کی بیٹریز بھی ضرور استعمال کی ہوں گی اور اس کمپنی کو قابل بھروسا بھی پایا ہو گا اب اگر بیٹریاں بنانے میں کمال رکھنے والی کمپنی اپنا اسمارٹ فون بنائے گی تو اس میں بھلا کم تر بیٹری ہو سکتی ہے؟

یہی وجہ ہے کہ انرجائزر نے اپنے اس اسمارٹ فون میں 16000 mAH کی بیٹری نصب کی ہے جو کہ یقیناً آپ کے موجود فون سے دو تین گنا زیادہ طاقت کی حامل ہو گی۔ اگر اسمارٹ فون کی بیٹریز کے حوالے سے آپ تجربہ رکھتے ہوں تو آپ جانتے ہوں گے کہ زیادہ تر نان ریموو ایبل بیٹریز اچھے نتائج دے رہی ہیں یہی وجہ ہے کہ انرجائزر نے اپنے فون بھی مستقل لگے رہنے والی 16,000 mAh battery بیٹری یعنی Non-removable Li-Ion بیٹری کا انتخاب کیا ہے۔

تگڑی بیٹری کے علاوہ اس اسمارٹ فون میں چھ جی بی تک ریم، سولہ میگا پکسلز کا کیمرا جبکہ 5.9 انچ کی بڑی اسکرین موجود ہو گی۔

روم کی بات کی جائے تو اس میں آپ کو 128 جی بی تک کی اسپیس میسر ہو گی جبکہ کارڈ سلاٹ دستیاب نہیں ہو گی۔

آپریٹنگ سسٹم کے طور پر آپ اس میں اینڈروئیڈ 8.0 کو پائیں گے۔

یعنی بیٹری کے علاوہ دیگر فیچرز میں بھی یہ فون موجودہ ہائی اینڈ اسمارٹ فونز سے کسی طرح بھی کم نہیں ہے۔ لیکن جیسا کہ ہم نے ذکر کیا اس فون کی سب سے خاص بات اس کی انتہائی طاقت ور بیٹری ہے اور وہ بھی بیٹری بنانے والی نامور کمپنی کی جانب سے تو ہم امید کر سکتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں یہ فون دیگر بڑی کمپنیوں کو سخت مقابلہ دینے والا ہے۔

انرجائزربیٹری