چہرے سے اَن لاک کرنے کی ٹیکنالوجی اب نوکیا میں بھی

چہرہ دیکھ کر فون اَن لاک ہو جانا ایک ایسی جدّت ہے جو اینڈرائیڈ پر عام ہوتی جا رہی ہے۔ اب نوکیا بھی ان اداروں میں شامل ہو گیا ہے جو اپنے اسمارٹ فونز میں یہ فیچر پیش کر رہے ہیں۔

نوکیا موبائل ٹوئٹر اکاؤنٹ نے اس فیچر کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں تصدیق کی ہے کہ آئندہ چند ماہ میں متعدد فونز میں فیس اَن لاک فیچر آئے گا جن میں نوکیا 7 پلس، نوکیا 6 اور گزشتہ سال پیش کردہ نوکیا 8 شامل ہیں۔

ادارہ اسمارٹ لاک فیچر کے ذریعے پہلے ہی فیس اَن لاک پیش تو کرتا ہے لیکن اس کے لیے صارف کو پہچان کے بعد لاک اسکرین پر سوائپ کرنا ہوتا ہے۔ بلاشبہ چین میں متعدد نوکیا فونز ایسے ہیں جو باضابطہ فیشل ریکگنیشن رکھتے ہیں جیسا کہ نوکیا X6 لیکن باقی دنیا میں یہ فیچر پیش کرنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔

لیکن ۔۔۔۔ نوکیا کی فیشل ریکگنیشن کو شیاؤمی اور اوپو جیسا محفوظ مت سمجھیے گا۔ ان دونوں اداروں کے بڑے فونز میں علیحدہ سینسرز لگائے گئے ہیں جبکہ نوکیا محض فرنٹ کیمرا استعمال کرے گا۔

ہم تو فیس اَن لاک نوکیا کے سستے فونز پر بھی دیکھنا چاہیں گے کیونکہ ان میں فنگرپرنٹ اسکینر نہیں ہوتا۔ اس طرح زیادہ مہنگے فون نہ خرید پانے والے صارفین بھی ایک بایومیٹرک تصدیق کی سہولت پائیں گے، وہ الگ بات کہ یہ فنگرپرنٹ جتنی محفوظ نہيں۔

اب تک نوکیا نے کسی دوسرے فون کا ذکر نہیں کیا لیکن امکان ہے کہ فیس اَن لاک سستے فونز میں بھی آئے گا۔

فیشل ریکگنیشننوکیا