فولڈایبل فون، ہوواوے بازی لے جائے گا

فولڈ کیے جانے والے اسمارٹ فون کا خیال نیا نہیں ہے۔ سام سنگ کمپنی گزشتہ کئی سالوں سے اس پر کام کر رہی ہے۔ جبکہ ایپل کے متعلق بھی یہ خبریں آئی تھیں کہ وہ اگلے سال تک فولڈ ہونے والا آئی فون متعارف کروا سکتا ہے۔ لیکن لگتا ہے کہ ہواوے ان سب پر سبقت لے جائے گا۔ کیونکہ خبر ہے کہ ہوواوے رواں سال نومبر میں ہی فولڈ ایبل یعنی لپیٹا جانے والا اسمارٹ فون متعارف کروا دے گا۔

فولڈ ہونے والا فون ایک ایسا فون ہے جسے بآسانی گولائی میں لپیٹا جا سکے۔ سام سنگ اس ٹیکنالوجی پر کام کرتے ہوئے اپنے آئندہ گیلیکسی اسمارٹ فون کی اسکرین کو نامیاتی اسکرین OLED کی مدد سے تیار کر رہا ہے۔ اس ضمن میں سام سنگ کے صدر نے اعلانیہ طور پر کہا تھا کہ ہو سکتا ہے سام سنگ رواں سال ہی فولڈ ہونے والا فون متعارف کروا دے۔ تاہم ET نیوز میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق ہواوے سام سنگ سے بھی پہلے فولڈ ایبل فون متعارف کروا دے گا۔

خبر کے مطابق ہوواوے اپنے فولڈ ہونے والے فون کے لیے نامیاتی اسکرین کی بجائے ایل جی کی تیار کردہ لچکدار ڈسپلے پر مشتمل اسکرین کو استعمال کرے گا۔ جس سے فون کو دونوں جانب باآسانی موڑا جا سکے گا۔

متوقع ہے کہ ہوواوے کا یہ فولڈ ایبل فون صرف چھ ماہ بعد یعنی نومبر میں ہی متعارف کروا دیا جائے گا اور یوں ہوواوے دنیا کا پہلا فولڈایبل یعنی لپیٹا جانے والا اسمارٹ فون متعارف کروانے میں بازی لے جائے گا۔