جی میل صارفین کے لیے سرپرائز

گوگل کی I/O کانفرنس زور شور سے جاری ہے۔ گوگل ایپس کے صارفین کے لیے نئے جدید فیچرز متعارف کروائے جا رہے ہیں۔ لیکن ایک تبدیلی ایسی ہے جو اس دوران چپکے سے رونما ہوئی ہے۔

یہ جی میل صارفین کے ایک بڑا سرپرائز ہے جو کہ ان باکس میں چھپا ہوا ہے۔ اور فی الحال اکثر صارفین اس کے بارے میں نہیں جانتے۔ آئیے ہم آپ کو اس سے آگاہ کرتے چلیں۔ اگر آپ اکثر جی میل کا استعمال کرتے رہتے ہیں تو یہ سرپرائز آپ کے لیے ایک خوشگوار حیرت کا باعث ہو گا۔

جی میل کا یہ نیا فیچر "آف لائن موڈ” ہے۔ گو کہ جی میل کو بغیر انٹرنیٹ استعمال کرنے کا ایک فنکشن پہلے سے بھی موجود ہے۔ لیکن وہ ایک علحیدہ کروم ایکسٹینشن ہے اور مخصوص موبائل کے انٹرفیس پر ہی کام کرتا ہے۔ جبکہ گوگل کے متعارف کردہ اس "آف لائن موڈ” کی مدد سے آپ براہ راست جی میل کی ویب سائٹ سے بغیر انٹرنیٹ اپنے پیغامات وغیرہ کو دیکھ سکتے ہیں اور نئے پیغامات لکھ سکتے ہیں۔ جو کہ "Outbox” میں جمع کر دیے جاتے ہیں۔ اور جوں ہی آپ لائن ہوں تو خودبخود مطلوبہ پتے پر ای میل کر دیے جاتے ہیں۔

آپ اپنے آف لائن جی میل اسٹور میں گزشتہ سات دن، تیس دن یا پھر نوے دن تک کا ریکارڈ حاصل کر سکتے ہیں۔ اور اس پھر اس آف لائن ڈیٹا کو اپنے کمپیوٹر پر غیر معینہ مدت یا پھر سائن آؤٹ ہونے تک کے لیے رکھ سکتے ہیں۔

جی میل کے آف لائن موڈ کو استعمال کرنے کے لیے آپ کے پاس کروم 61 یا پھر اس سے زائد کا ورژن ہونا چاہیے۔ نیز جس وقت آپ موڈ کو سیٹ کریں اس وقت آن لائن رہنا بھی ضروری ہے۔

طریقہ کار

آف لائن موڈ کو ایکٹو کرنے کا طریقہ کار یہ ہے کہ آپ جی میل ویب سائٹ کے اوپری دائیں کونے پر موجود گراری نما آئیکون پر کلک کر کے Settings کو منتخب کریں۔ اس کے بعد آپ Offline Tab کا انتخاب کریں۔ سامنے نظر آنے والی ونڈو میں سے Enable offline mail کے چیک باکس کو چیک کریں۔ اس کے بعد آپ جتنے دنوں کا ریکارڈ آف لائن رکھنا چاہتے ہیں اس کا انتخاب کریں۔ اور پھر یہ منتخب کریں کہ یہ آف لائن ریکارڈ آپ کتنے عرصے تک کے لیے اپنے کمپیوٹر پر رکھنا چاہتے ہیں۔

آخر میں Save changes پر کلک کریں اور لیجیے جناب۔۔۔۔۔ آپ جی میل کو بغیر کسی اضافی ایکسٹنشن وغیرہ کے آف لائن جی بھر کے استعمال کریں۔ اگر یہ ترتیب کام نہیں کر رہی تو ویب سائٹ کو ایک دو بار ریفریش کر کے دیکھیے۔ یہ آپشن ضرور سامنے آ جائے گی۔

چلتے چلتے ہم آپ کو یہ بھی بتاتے چلیں کہ اگر کسی موقع پر آپ جی میل کے آف لائن ڈیٹا کو ختم کرنا چاہیں تو کروم کی Settings کو کھولیں۔ وہاں سب سے آخر پر موجود Advanced پر کلک کریں۔ اس کے بعد Content Settings پر کلک کریں (جو کہ Privacy and Security ہیڈر کے نیچے موجود ہو گی)۔ اس کے بعد آپ Cookies پر کلک کریں اور See All cookies and Site Data کو منتخب کریں۔ اس کے بعد گوگل کی جانب سے سب سے اوپر دی گئی آپشن Remove all کا استعمال کریں۔

آخر میں جی میل Settings کے اسی Offline علاقہ میں جائیں جہاں سے آپ نے پہلے آف لائن موڈ کو چلایا تھا۔ اور وہاں پر موجود Enable Offline mail کو غیر منتخب کر دیں۔

تو کیسی لگی آپ کو یہ ٹِپ دوستو؟ اگر اس کے سلسلے میں کسی قسم کا مسئلہ درپیش ہو تو ہمیں نیچے دیے گئے کمنٹ باکس کے ذریعے ضرور آگاہ کیجیے۔ ہم ہر ممکن طور پر اسے حل کرنے کی کوشش کریں گے۔