گوگل، آ رہا ہے گیمنگ کی دنیا میں

نینٹینڈو، سونی اور مائیکروسافٹ کے بعد دنیا کی سب سے بڑی ٹیک کمپنی گوگل نے بھی گیمنگ کی دنیا میں اترنے کا فیصلہ کر لیا۔

ایک ٹیکنالوجی بلاگ میں پانچ مختلف ذرائع سے آنے والی رپورٹس کی مدد سے یہ تصدیق کی گئی ہے کہ گوگل گیمنگ صنعت میں داخل ہونے کے لیے مختلف اقسام کے ہارڈوئیر و دیگر معاملات پر کام کر رہا ہے۔ نیز اس سلسلے میں ڈویلپرز بھی بھرتی کیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گوگل دراصل گیمز کے لیے ایک اسٹریمنگ پلیٹ فارم کی تیاری کر رہا ہے۔ یہ پلیٹ فارم گیمز اور گرافکس سے متعلقہ بھاری کاموں کو گوگل کے موجودہ سرورز کی مدد سے سرانجام دے گا۔ نیز اس کے ساتھ ساتھ گوگل کے گیمنگ کنسول تیار کیے جانے کی اطلاعات بھی ہیں۔ جو کہ متوقع طور پر موجودہ کنسولز کی بہ نسبت کم قیمت ہو گا۔

واضح رہے کہ گیمز کی اسٹریمنگ کے لیے بہت طاقتور اور وسیع خصوصیات کے حامل ہارڈوئیر کی ضرورت ہوتی ہے۔ جیسا کہ مائیکرو سافٹ نے اس مقصد کے لیے نینجا تھیوری جیسے اسٹوڈیوز کو خریدا ہے۔ لیکن امید ہے کہ گوگل کو ایسے اسٹوڈیوز خریدنے کی ضرورت نہیں پڑے گی کیونکہ اس کے پاس ہارڈوئیر سے متعلقہ کافی وسائل پہلے سے موجود ہیں۔

پیشہ ور گیمرز کو ابھی سے خوش ہونے کی ضرورت نہیں۔ کیونکہ سینٹرک اسٹریمنگ قسم کی گیمنگ کے لیے موجودہ انٹرنیٹ وسائل بھی ناکافی ہیں۔ اور اس طرح کے تجربات پہلے ناکام ہو چکے ہیں۔ تاہم یہ طے ہے کہ اگر اس طرح کی گیمنگ کوئی متعارف کروا سکتا ہے تو صرف گوگل ہی ہے۔ اس لیے فی الحال انتظار کیجیے کہ گوگل گیمنگ کی پٹاری سے کیا نکالتا ہے۔ گوگل ترجمان نے ان خبروں پر کوئی بھی ردعمل دینے سے انکار کیا ہے۔