ہواوے Mate 20 کی تصاویر لیک، منفرد نوچ اور تین کیمروں کے ساتھ

ہواوے کا اگلا فلیگ شپ اسمارٹ فون Mate 20 اگلے چند ماہ میں منظر عام پر آجائے گا ۔ یہی وجہ ہے کہ اس فون سے متعلق مختلف معلومات افشاء ہونے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ تازہ ترین لیکس میں اس فون کا مبینہ ڈیزائن سامنے آگیا ہے۔ اس فون میں پشت پر تین کیمرے ہونگے اور اس کی نوچ آئی فون کی نوچ سے کافی مختلف ہوگی۔

کسی نامعلوم ذرائع نے XDA ڈیویلپرز کو تصاویر فراہم کی ہیں جو Mate 20 کے انجینئرنگ سیمپل کی ہیں۔ آج کل منظر عام پر آنے والے بیشتر اینڈروئیڈ اسمارٹ فونز کی طرح اس میں بھی نوچ ہے لیکن یہ کافی چھوٹی ہے اور Oppo F9 اسمارٹ فون کی نوچ سے مماثلت رکھتی ہے۔ یہ ان لوگوں کے لیے اچھی خبر ہے جو آئی فون ایکس کی نقلیں دیکھ دیکھ کر اکتا گئے ہیں۔

اس سال مارچ میں جب ہواوے نے P20 پرو متعارف کروایا تھا تو وہ دنیا کا پہلا اسمارٹ فون تھا جس میں پشت پر تین کیمرے نصب تھے۔ Mate 20 میں بھی تین ہی کیمرے ہونگے لیکن ان کا ڈیزائن مختلف ہوگا۔ اس میں تین کیمرے اور ایک فلیش کو مربع شکل میں پیش کیا گیا ہے۔

ہارڈ ویئر کی بات کریں تو اس میں 6.3 انچ کی AMOLED اسکرین ، 128 گیگا بائٹس کی اسٹوریج، 6 جی بی ریم، اسٹیریو اسپیکر اور 4200 ملی ایمپیئر آوور کی طاقتور بیٹری نصب ہوگی۔ اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ مختلف اسٹوریج آپشنز کے ساتھ اس کی کچھ دیگر ورژنز بھی پیش کیے جائیں گے۔

Mate 20ہواوے