iPhone XS ابھی آیا نہیں، لیکن تگڑا مقابل سامنے آگیا

وہ پہلا اینڈروئیڈ اسمارٹ فون جو حقیقی معنوں میں آئی فون کے آنے والے فلیگ شپ اسمارٹ فون iPhone XS کو ٹکر دے سکے گا، اگلے ماہ یعنی اکتوبر میں دستیاب ہوجائے گا۔ آپ شاید سوچ رہے ہوں کہ یہ اینڈروئیڈ فون گوگل پکسل تھری یا تھری ایکسل ہوگا۔ لیکن یہ درست نہیں ہے۔

اس بار آئی فون کے نئے ورژن کو ٹکر دینے کے لیے چینی کمپنی ہواوے اپنے فلیگ شپ اسمارٹ فون Huawei Mate 20 Pro کے ساتھ میدان میں ہے۔ اس اسمارٹ فون سے متعلق لیکس آنے کا سلسلہ گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری ہے۔ اب اس بات کا باقاعدہ علم ہوگیا ہے کہ میٹ 20 پرو کو اکتوبر میں ریلیز کیا جائے گا۔ اس فون کا Lite ورژن چند دن پہلے ہی متعارف کروایا گیا تھا۔

ہواوے نے برلن ، جرمنی میں ہونے والے IFA 2018 کے دوران اعلان کیا ہے کہ Mate سیریز کا پہلا اسمارٹ فون جس میں Kirin 980 پروسیسر استعمال کیا گیا ہے، ماہ اکتوبر میں ریلیز کیا جائے گا۔ Kirin 980 تجارتی طور پر دستیاب دنیا کا پہلا 7 نینو میٹر فیبری کیشن پروسس پر بنایا گیا پروسیسر ہے۔ دوسری جانب اگلے چند دنوں میں ایپل بھی جو نئے آئی فون متعارف کروانے جارہا ہے، ان میں بھی 7 نینو میٹر فیبری کیشن پروسس پر تیار کی گئی A12 چپس استعمال کی جائیں گی۔

ہواوے کا کہنا ہے کہ Kirin 980 میں ایک مربع سینٹی میٹر جتنی چھوٹی die پر 6.9 ارب ٹرانسسٹر موجود ہیں۔پچھلی نسل کے Kirin پروسیسر کے مقابلے میں یہ تعداد تقریبا ڈیڑھ گنا زیادہ ہے۔ 10 نینو میٹری فیبری کیشن پروسس پر تیار کردہ چپ کے مقابلے میں یہ نیا پروسیسر 20 فیصد زیادہ تیز رفتار اور 40 فیصد زیادہ کفایت شعار ہوگا۔ یاد رہے کہ اس سال ریلیز کے گئے اب تک کے تمام اہم اسمارٹ فونز میں 10 نینو میٹر چپس ہی استعمال کی گئی ہیں۔

Kirin 980 دنیا کا پہلا SoC یعنی سسٹم آن چپ ہے جو Corex A76 کور ز پر مبنی ہے۔ Kirin 980 میں کل 8 کورز ہیں جن میں سے چار A76 کورز جبکہ چار A55 کورز ہونگی۔ اس پلیٹ فارم میں دنیا کا پہلا موڈیم جو LTE Car.21 کو سپورٹ کرتا ہے، بھی شامل ہے۔ یہ موڈیم 1.4 گیگا بٹس فی سیکنڈ کی رفتار سے ڈیٹا ٹرانسفر کرسکتا ہے۔

ان تمام خوبیوں کی وجہ سے یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ ہواوے میٹ 20 پرو اور ایپل آئی فون XS کے درمیان سخت مقابلہ ہوگا۔ ا ب دیکھنا یہ ہے کہ ان دونوں کی قیمتیں کیا ہونگی اور دونوں آمنے سامنے کس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

آئی فونایپلہواوے
تبصرے (0)
Add Comment