ایل جی کیو اسٹائلس، 6.2 انچ ڈسپلے کے ساتھ

آج اسمارٹ فونز میں بہت کم ہی ایسے ہیں جو اسٹائلس کے ساتھ آتے ہوں لیکن جتنے بھی ہیں ایل جی ان میں سے ایک ہے۔ ایل جی کی اسٹائلس فیملی میں اب ایک نئے رکن کا اضافہ ہوا ہے، ایل جی کیو اسٹائلس کا۔ اس کا اسٹائلس آپ کے ہاتھ سے لکھے گئے نوٹس کو محفوظ کرتا ہے، بلکہ آپ فون اسکرین پر نہ بھی لکھیں تب بھی۔ آپ ذاتی تصاویر کے لیے بھی اور وڈیوز کو GIFs میں تبدیل کرنے کے لیے بھی اسٹائلس کو استعمال کر سکتے ہیں۔

ایل جی کیو اسٹائلس کے ساتھ بڑی اسکرین ہے۔ 6.2 انچ کی یہ ڈسپلے 2160 ضرب 1080 پکسلز کا پینل رکھتا ہے۔ ایل جی کیو اسٹائلس پانی اور گرد سے محفوظ رہتا ہے اور 3300 ملی ایمپیئر کی جاندار بیٹری کا بھی حامل ہے۔ اس میں اضافی سکیورٹی کے لیے پشت پر فنگر پرنٹ ریڈر بھی ہے۔

ایل جی کیو اسٹائلس کے تین مختلف ورژنز ہیں، جن کی خصوصیات کچھ مختلف ہیں۔ بہترین ماڈل ایل جی کیو اسٹائلس+ کہلاتا ہے جس میں 4 جی بی ریم، 64 جی بی اسٹوریج اور مائیکرو ایس ڈی کارڈ سلاٹ ہے۔ اس میں پشت پر 16 میگاپکسل کا اور سامنے 8 یا 5 میگاپکسل کا وائیڈ اینگل کیمرا ہے۔

اسٹینڈر ایل جی کیو اسٹائلس میں 3 جی بی ریم اور 32 جی بی اسٹوریج ہے اور ساتھ ہی مزید اسٹوریج کے لیے مائیکرو ایس ڈی کارڈ سلاٹ بھی۔ اس کی پشت پر 16 میگا پکسل کا اور سامنے 8 یا 5 میگا پکسل کا کیمرا ہے۔

سب سے ہلکا ایل جی کیو اسٹائلس الفا ہے، جس میں 13 اور 5 میگا پکسل کے کیمرے ہیں۔ 3 جی بی ریم اور 32 جی بی اسٹوریج بھی، اور ساتھ ہی مائیکرو ایس ڈی کارڈ لگانے کے لیے سلاٹ بھی۔

ایل جی کا کہنا ہے کہ کیو اسٹائلس اس مہینے جاری کیا جا رہا ہے لیکن بہت محدود پیمانے پر۔ یہ شمالی امریکا اور ایشیا میں فروخت کیا جائے گا البتہ اب تک اس کی قیمت ظاہر نہیں کی گئی۔

اسٹائلس سے لیس اسمارٹ فونز سب کے لیے نہیں ہوتے، لیکن جو انہیں پسند کرتے ہیں ان کے لیے ایل جی کی یہ بہترین پیشکش ہے۔

ایل جی