مائیکروسافٹ کا پہلا سرفیس فون، تفصیلات لیک

مائیکروسافٹ کے پراسرار سرفیس اسمارٹ فون کے متعلق کئی ماہ سے افواہیں زیر گردش ہیں۔ اسی سلسلے میں نئی لیکن حقائق پر مبنی پیش گوئی یہ کی گئی ہے کہ مائیکروسافٹ کا سرفیس فون ایک "قبضہ نما جوڑ” یعنی Hinge پر مشتمل ہو گا۔

ٹیکنالوجی بلاگ ٹومز گائیڈ میں شائع ہونے والی روئداد کے مطابق مائیکروسافٹ بھی ایپل اور سام سنگ کی طرح دہری اسکرین والے فونز کی جنگ میں حصہ لینے جا رہا ہے۔ لیکن اس کی دہری اسکرین دیگر فونز کی بہ نسبت مختلف خصوصیات کی حامل ہے۔ مثلاً اس میں ایک کی بجائے کئی حالتیں ہوں گی۔ ان حالتوں میں بند، محدب، ستواں، مقعر اور مکمل حالت شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مائیکروسافٹ کا سرفیس فون نا صرف تہہ یعنی فولڈ ہو سکے گا بلکہ اس کا سافٹ وئیر فون کی ہر حالت کے بارے میں کماحقہ آگاہ ہو گا اور اسی کے مطابق ردعمل دے گا۔ مثلاً خیمہ جاتی موڈ میں آپ اور آپ کا دوست میز کے آرپار بیٹھے اسکرین پر مختلف مناظر دیکھ سکتے ہیں۔ اسی طرح مقعر Concave موڈ میں آپ فون کے ایک حصے کو دوسرے حصے پر کچھ لکھنے کے لیے کی بورڈ کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ درجہ بالا تمام خصوصیات لیک کی گئی تفصیلات پر مبنی ہیں۔ اور ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ مائیکروسافٹ سرفیس فون انہیں استعمال کرے گا یا نہیں۔ تاہم ماضی میں ہمیشہ ایسی افواہیں تقریباً سو فی صد سچ ثابت ہوئیں ہیں۔ اس لیے دیکھتے ہیں کہ مائیکروسافٹ اپنے صارفین کے لیے اس بار کیا نیا لے کر آتا ہے۔ ہم اس بارے میں اپنے کمپیوٹنگ قارئین کو وقتاً فوقتاً آگاہ کرتے رہیں گے۔