موٹورولا نے چار نئے فونز جاری کردیے

موٹورولا نے ایک نہیں بلکہ چار نئے فونز جاری کیے ہیں جو معقول قیمت کے ساتھ باکمال کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔ برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو میں ایک خصوصی تقریب میں پیش کیے گئے فونز ای5 اور جی6 سیریز کے ہیں۔

پہلا فون ہے موٹو ای5، جس میں ہے 5.7 انچ کا شاندار میکس وژن ڈسپلے، جو فنگر پرنٹ اسکرین ان لاکنگ بھی رکھتا ہے۔ اس فون میں 4 ہزار ایم اے ایچ کی جاندار بیٹری ہوگی اور پشت پر 13 میگاپکسل کا زبردست کیمرا بھی۔ موٹورولا کے مطابق اس کی قیمت 149 یوروز یعنی 21 ہزار روپے ہوگی۔

موٹو ای5 پلس میں سب کچھ "پلس” ہے، 6 انچ کا ڈسپلے اور 5 ہزار ایم اے ایچ کی ناقابل یقین بیٹری۔ اتنی بڑی اسکرین ہونے کے باوجود یہ ہاتھ میں مناسب محسوس ہوتا ہے۔ اس میں بھی فنگ پرنٹ ریڈر ہے، ساتھ ہی لیزر آٹوفوکس کا حامل 12 میگاپکسل کا کیمرا بھی۔ اس فون کی قیمت 24 ہزار روپے سے شروع ہوگی۔

ان دونوں فونز میں ٹربوپاور چارجر کام کرتے ہیں جو آپ کو صرف 15 منٹ کی چارجنگ کے بعد 6 گھنٹے تک فون استعمال کرنے کی طاقت دیتے ہیں۔ ان فونز کو آئندہ چند ماہ میں یورپ، لاطینی امریکا اور ایشیا پیسفک میں جاری کیا جائے گا۔

جی سیریز بلاشبہ موٹورولا کی سب سے کامیاب اسمارٹ فون سیریز ہے۔ اس کا پہلا فون موٹو جی6 پلس ہے جو 5.7 انچ کا فل ایچ ڈی میکس وژن ڈسپلے رکھتا ہے جو 1080p ہے۔ 12 میگاپکسل کے کیمرے کے ذریعے آپ شاندار پورٹریٹ اور بلیک اینڈ وائٹ تصاویر لے سکتے ہیں جبکہ سیلفی کیمرا بھی 5 میگاپکسل کا ہے۔ فنگر پرنٹ ریڈر اس فون میں بھی ہے۔ یہ برازیل میں آج سے ہی دستیاب ہے جبکہ اگلے ہفتے میکسیکو میں اور آنے والے مہینوں میں ایشیا پیسفک، یورپ، لاطینی امریکا و شمالی امریکا میں بھی پیش کیا جائے گا جہاں اس کی قیمت کا آغاز 28 ہزار روپے سے ہوگا۔

اس کا ہلکا ورژن موٹو جی6 پلے 4 ہزار ایم اے ایچ کی طاقتور بیٹری رکھتا ہے اور ایک مرتبہ چارج ہونے کے بعد 36 گھنٹے تک آپ کو فون استعمال کرنے کی سہولت دیتا ہے۔ اس فون کی قیمت 23 ہزار روپے سے شروع ہوتی ہے۔

موٹورولا کے مالک ادارے لینوو نے اس سیریز کے ذریعے اپنے کیمرا سافٹویئر میں بھی کچھ تبدیلیاں کی ہیں جن میں اب بلٹ-ان آگمینٹڈ ریالٹی اوورلے اور ٹیکسٹ اسکین کرنے کی صلاحیت جیسی گوگل لینس جیسی سہولیات موجود ہیں۔ ویسے موٹورولا وہ پہلا ادارہ تھا جس نے اپنی پریمیئم زیڈ لائن میں سب سے پہلے ہیڈفون جیک کا خاتمہ کیا تھا لیکن کیونکہ یہ بجٹ ڈیوائسز ہیں، اس لیے ان میں ہیڈفون جیک کو برقرار رکھا گیا ہے۔

موٹو ای5موٹو جی6موٹورولا