نیا اوپیرا براؤزر جو آپ کو کرپٹو جیکنگ سے بچائے

اوپیرا نے آج اپنے ڈيسک ٹاپ براؤزر کا ورژن 50 لانچ کردیا ہے۔ نصف سنچری مکمل ہونے پر اوپیرا اپنے صارفین کے لیے ایک بڑی خوشخبری بھی لایا ہے کہ اب کوئی “ڈیڑھ ہوشیار” ویب سائٹ آپ کے براؤزر اور سی پی یو کو استعمال کرتے ہوئے اپنے لیے کرپٹو کرنسی مائن نہیں کر پائے گی یعنی کرپٹوجیکنگ کا خاتمہ!

براؤزر اور جاوا اسکرپٹ مائننگ کا موثر طریقہ تو نہیں لیکن اگر صارفین کی بہت بڑی تعداد ہو تو اسکرپٹ ویب سائٹ مالکان کو مالامال کر سکتا ہے۔ پھر سب سے اہم بات کہ مائننگ کے لیے انہیں بجلی بھی استعمال نہیں کرنا پڑتی اور نہ ہی کوئی سیٹ لگانے کی ضرورت ہوتی ہے، یعنی "ہینگ لگے نہ پھٹکری!”

اس طرح کی زیادہ تر ویب سائٹس مونیرو جیسی کرنسی کی مائننگ کرتی ہیں جو بہت بھاری الگورتھمز استعمال کرتی ہے۔

ویسے تو کروم اور فائر فاکس براؤزرز میں بھی ایسے ایکسٹینشنز موجود ہیں جو ان براؤزرز پر صارفین کو یہ خدمات دے سکتے ہیں لیکن اوپیرا کا یہ نیا کرپٹو جیکنگ فیچر خودکار ہے اور جیسے ہی آپ براؤزر کا ایڈ بلاکنگ ٹول enable کرتے ہیں، اپنا کام شروع کر دیتا ہے۔

اوپیرا میں ڈیسک ٹاپ براؤزرز کے شعبے کے سربراہ کرسٹیان کولونڈرا کہتے ہیں کہ ہم کرپٹو کرنسی کے بڑے مداح ہیں لیکن یہ ہرگز قبول نہیں کریں گے کہ ویب سائٹس لوگوں کے کمپیوٹرز کو استعمال کرتے ہوئے کوائنز کو مائن کریں، وہ بھی ان کے علم میں لائے بغیر۔ نئے اوپیرا 50 کے ذریعے ہم ممکن بنائیں گے کہ ہمارے صارفین کے کمپیوٹرز کا کنٹرول خود انکے اپنے ہاتھ میں ہو۔

ویسے یہ بات تو حقیقت ہے کہ اوپیرا کرپٹوکرنسیز کو پسند کرتا ہے، اسی سے اندازہ لگائیں کہ بٹ کوائن، ایتھیریئم، بٹ کوائن کیش اور لائٹ کوائن کے لیے کرنسی کنورٹر براؤزر میں ہی شامل ہے۔

اوپیرا 50 میں شامل دیگر خصوصیات میں کروم کاسٹ پر وڈیو اسٹریمنگ کرنا اور بلٹ ان وی آر پلیئر شامل ہیں، جو اوکولس رفٹ صارفین کو اپنے ہیڈسیٹس میں 360 ڈگری کی وڈیوز کا لطف اٹھانے کا موقع دیتی ہے۔

اوپیراکرپٹوجیکنگہیکنگ