نوچ پر مشتمل شیاؤمی کا پہلا ریڈمی 6 پرو فون متعارف

شیاؤمی کی جانب سے اسمارٹ فون اور دیگر آلات متعارف کروائے جانے کی خبریں پے در پے مارکیٹ میں آ رہی ہیں۔ یہ تعداد اتنی زیادہ ہے کہ بعض اوقات یہ سمجھ ہی نہیں آتی کہ شیاؤمی نے اب کیا نیا متعارف کروا دیا ہے۔ ایسا ہی کچھ آج 26 جون سے دنیا بھر کے لیے متعارف کروائے جانے والے شیاؤمی ریڈ می 6 پرو کے ساتھ بھی ہے۔

اکثر صارفین کو یہ اندازہ ہی نہیں ہو پایا ہے کہ شیاؤمی ریڈ می 6 پرو، اس کے ریڈ می نوٹ 5 یا نوٹ 5 پرو کا متبادل ہے یا سرے سے نیا فون متعارف کروایا گیا ہے۔ اسے شیاؤمی کے ریڈ می 6 اور 6A فونز کا فاضل ورژن بھی قرار دیا جا سکتا ہے جنہیں حال ہی میں صرف چند ممالک کے لیے ریلیز کیا گیا تھا۔ ان میں میڈیا ٹیک کی پراسیس چپس نصب کی گئیں تھیں۔

بہرحال جو بھی ہے شیاؤمی ریڈ می 6 پرو ایک بہترین خصوصیات کا حامل پیش قیمت فون ہے۔ جس کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ نوچ پر مشتمل شیاؤمی کا پہلا فون ہے۔ نیز اس میں پیشرو فونز سے ایک اور بڑی تبدیلی یہ کی گئی ہے کہ اس میں میڈیا ٹیک کی بجائے کوالکوم کی اسنیپ ڈریگن چپ نصب کی گئی ہے۔

شیاؤمی ریڈ می 6 پرو فون کی دیگر خصوصیات میں اس کا 5.84 انچ کا ایچ ڈی پلس ڈسپلے، جس کی ریزولیوشن 1080×2280 پکسلز ہے، اور 19:9 کی پہلوی نسبت شامل ہیں۔ فون کی ہارڈوئیر خصوصیات درج ذیل ہیں۔

پراسیسر:
کوالکوم کی ہشت کور اور ایک چپ پر مشتمل نظام SoC والی 2 گیگا ہرٹز رفتار کی حامل اسنیپ ڈریگن 625 پراسیسر چپ

میموری:
3 جی بی عارضی میموری کے ساتھ 32 جی بی اندرونی اسٹوریج،
نیز 4 جی بی عارضی میموری کے ساتھ 64 جی بی اندرونی اسٹوریج (علیحدہ ورژن)
اس کے علاوہ 256 جی بی تک مائیکرو ایس ڈی کارڈ کی اضافی سہولت

کیمرہ:
12 اور 5 میگا پکسل کے دوہرے حساسیوں پر مشتمل عقبی کیمرہ، اور مصنوعی ذہانت کے پورٹریٹ موڈ اور HDR کا حامل 5 میگا پکسل کا ثانوی (سیلفی) کیمرہ

بیٹری:
4000 ملی ایمپئر اوہم کی لیتھیم آئن بیٹری

قیمت:
شیاؤمی ریڈ می 6 پرو کا 3 جی بی ریم اور 32 جی بی اسٹوریج کا حامل ورژن 999 یوآن (تقریباً 18000 پاکستانی روپے) میں اور 4 جی بی ریم ورژن 1299 یوآن (تقریباً 24000 پاکستانی روپے) میں فروخت کے لیے دستیاب ہے۔ جبکہ فی الحال اس بات کا اعلان نہیں کیا گیا کہ یہ فون پاکستان میں کب اور کتنی قیمت میں دستیاب ہو گا۔