نوکیا نے تین نئے کم قیمت اسمارٹ فونز متعارف کروا دیے

ایچ ایم ڈی گلوبل نے متوسط اور زیریں متوسط طبقے کے لیے تین نئے نوکیا اسمارٹ فونز متعارف کروا دیے۔ ان کے نام بالترتیب نوکیا 2.1، نوکیا 3.1، اور نوکیا 5.1 رکھے گئے ہیں۔ یہ نام گزشتہ سال متعارف کروائے گئے ماڈل سے ملتے جلتے ہی ہیں۔ تاہم خصوصیات منفرد ہیں۔

خصوصیات پر نظر ڈالی جائے تو ان فونز میں جدید ترین ماڈل نوکیا 5.1 ہے، جس کی قیمت 220 امریکی ڈالرز یعنی تقریباً 25 ہزار پاکستانی روپے رکھی گئی ہے۔ اس فون میں 5.5 انچ کا ایچ ڈی پلس اور 18:9 کی پہلوی نسبت پر مبنی ڈسپلے نصب ہے۔ اس میں میڈیا ٹیک ہیلیو P18 پراسیسر چپ نصب کی گئی ہے جس کے متعلق نوکیا کا دعویٰ ہے کہ یہ ہم عصر اسنیپ ڈریگن 430 چپ کی نسبت 40 فی صد تیز اور بہتر کارکردگی دکھاتی ہے۔

اس فون میں انگلی کے نشان کا حساسیہ پچھلی جانب لگایا گیا ہے۔ جو کہ اس کے پیش رو فون نوکیا 5 میں سامنے کی جانب نصب تھا۔ فون کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ نوکیا کا پہلا بڑا فون ہے جس میں مکمل پر غیر ترمیم شدہ اینڈروئیڈ اوریو 8.1 آپریٹنگ نظام نصب کیا گیا ہے۔

نوکیا 5.1 میں تیز چارجنگ کے بغیر 2970 ملی ایمپئر کی بیٹری نصب کی گئی ہے۔ جبکہ اس میں 16 میگا پکسل کا عقبی اور 8 میگا پکسل کا ثانوی کیمرہ نصب ہے۔ ان کیمروں میں 1080 پکسل ویڈیو ریکارڈ کرنے کی سہولت کے ساتھ تمام میعاری خصوصیات موجود ہیں۔

میموری کی گنجائش کے اعتبار سے اس فون کے دو ورژنز ہیں۔ 2 جی بی عارضی میموری اور 16 جی بی اندرونی اسٹوریج کا حامل ماڈل 25000 پاکستانی روپے میں دستیاب ہو گا۔ جبکہ 3 جی بی عارضی میموری اور 32 جی بی اندرونی اسٹوریج پر مشتمل ماڈل کی قیمت 27000 روپے رکھی گئی ہے۔

ذاتی طور پر میرا یہ خیال ہے کہ اگر آپ نوکیا کے شدید چاہنے والے نہیں ہیں ہوں تو اس قیمت میں کئی دیگر بہتر خصوصیات کے حامل فون موجود ہیں۔ اور آپ یقیناً ان کی خوبیوں کو مدنظر رکھ کر انہیں فوقیت دیں گے۔

جہاں تک نوکیا کے دوسرے دو فونز کا تعلق ہے تو نوکیا 3.1 قیمت اور خوبیوں میں تقریباً نوکیا 5.1 کے ہم پلہ ہے۔ البتہ نوکیا 2.1 نسبتاً سستا ترین ماڈل قرار دیا جا سکتا ہے۔ گو کہ اس کی خصوصیات بھی کم ہیں۔ لیکن متبادل میں قیمت بھی انتہائی کم ہے۔

نوکیا 2.1 اسمارٹ فون 1 جی بی عارضی میموری اور 8 جی بی اندرونی اسٹوریج، 8 میگا پکسل عقبی اور 5 میگا پکسل ثانوی کیمرے کے ساتھ 13500 پاکستانی روپوں میں دستیاب ہو گا۔

ابتدائی طور پر انہیں بھارت سمیت دنیا کے کچھ ممالک میں متعارف کروایا گیا ہے۔ البتہ یہ تمام فون ماڈلز اگلے ایک سے دو ہفتوں کے دوران پاکستان میں بھی فروخت کے لیے پیش کر دیے جائیں گے۔

اسمارٹ فوننوکیا