"نوچ” پر مشتمل نوکیا کا پہلا X6 اسمارٹ فون فروخت کے لیے پیش

قارئین کو یاد ہو گا کہ کچھ عرصہ پہلے کمپیوٹنگ میں ایک مضمون شائع کیا گیا تھا جس میں نوکیا کے نئے فلیگ شپ اسمارٹ فون نوکیا X6 کی متعدد معلومات لیک کی گئی تھیں۔ تب یہ معلومات ابتدائی نوعیت کی تھیں۔ لیکن ہمیں یہ بتاتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ نوکیا نے عین انہی خصوصیات پر مبنی نوکیا X6 اسمارٹ فون آج متعارف کروا دیا یے۔

یہ نوکیا کا پہلا فون ہے جس میں "نوچ” ڈیزائن بھی متعارف کروایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ فون کی پہلوی نسبت 19:9 رکھی گئی ہے اور اس میں اسنیپ ڈریگن کی ہشت کور 636 پراسیسر چپ نصب کی گئی ہے۔

فون کی دیگر خصوصیات میں 6 گیگا بائٹس عارضی میموری، 64 گیگا بائٹس اندرونی اسٹوریج اور 16 میگا پکسلز کے عقبی و ثانوی دہرے کیمرے (مصنوعی ذہانت کی خوبیوں کے ساتھ) شامل ہیں۔ جبکہ آپریٹنگ نظام اینڈروئیڈ اوریو 8.1 نصب شدہ ہو گا۔

اس کے علاوہ نسبتاً سستے ورژن میں 4 جی بی عارضی میموری کے ساتھ 32 جی بی اندرونی اسٹوریج مہیا کی گئی ہے۔ فون سیاہ گہرے نیلے اور سلور رنگوں میں دستیاب ہو گا۔

نوکیا X6 کو ابتدائی طور پر چین میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ اس کے پری آرڈرز آج سے وصول کیے جائیں گے۔ قیمت کی بات کی جائے تو یہ فون 1699 چینی یوآن میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔جبکہ کم قیمت ورژن کی قیمت 1299 یوآن (تقریباً 23,500 پاکستانی روپے) گئی ہے۔ البتہ متوقع طور پر پاکستان میں یہ فون تقریباً 30 ہزار پاکستانی روپے میں دستیاب ہو گا۔

نوکیا