ون پلس 6، ایک جاندار اینڈرائیڈ فون

جون آنے سے پہلے ہی ون پلس نے اپنے نئے جاندار اینڈرائیڈ فون کی رونمائی کر دی ہے۔ ہم بات کر رہے ہیں ون پلس 6 کی۔ اس نئے فون کی سب سے نمایاں اور متنازع چیز ہے اس کے ڈسپلے پر موجود وہی بدنام زمانہ notch، جس کی وجہ سے لوگوں کو آئی فون X پسند نہیں آ رہا۔ بہرحال، ون پلس 6 کا ڈسپلے 6 اعشاریہ 3 انچ کا ہے اور 19:9 کا اولیڈ ڈسپلے ہے۔ یہ گوگل کے پکسل 2 ایکس ایل سے تھوڑا سا چھوٹا ہے، لیکن عمودی طور پر اس کی اسکرین گنجائش زیادہ ہے اور مقابلے میں پکسل کے بیزل کہیں زیادہ بڑے نظر آتے ہیں۔

ون پلس کی ایک اور بڑی تبدیلی نئی گلاس بیک کی آمد ہے، جسے المونیئم کیس کی جگہ دی گئی ہے، جو سالوں سے ون پلس کے فونز کی خاص بات تھی۔

ویسے ون پلس 6 ان پہلے اینڈرائیڈ فونز میں سے ایک ہے جو اینڈرائیڈ پی بیٹا کو سپورٹ کرے گا، اس کی باضابطہ لانچنگ سے بھی پہلے سے۔

ایک اور اہم ترین چیز ہے اس کی قیمت! 6 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج کے ساتھ قیمت 529 ڈالرز سے شروع ہوتی ہے، یعنی ون پلس 6 اپنے پچھلے فون سے تو مہنگا ہے لیکن کسی بھی اینڈرائیڈ فلیگ شپ سے کہیں سستا ہے۔ خود ہی گلیکسی ایس9 اور ہواوی پی20 پرو سے مقابلہ کرلیں، جن کی قیمت چند نہیں کئی سو ڈالرز زیادہ ہے۔ یہ دونوں فونز 90 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک کی قیمت پر دستیاب ہیں جبکہ ون پلس 6 معیاری ڈیزائن، پائیدار مٹیریلز اور جاندار ڈسپلے کے ساتھ کہیں مناسب قیمت پر دستیاب ہوگا اور بلاشبہ یہ بہترین اینڈرائیڈ فونز میں سے شمار کیا جائے گا۔

اس ماڈل کے لیے کمپنی نے کیمرے کے سینسر کے حجم میں 19 فیصد اضافہ کیا ہے اور ساتھ ہی آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن بھی شامل کی ہے۔ اب آپ پشت پر لگے کیمروں کے ساتھ ساتھ سیلفی کیم سے بھی بہترین پورٹریٹ تصاویر لے سکتے ہیں۔

اس فون کے ساتھ ون پلس کا نعرہ ہے "رفتار جس کی آپ کو ضرورت ہے”، ون پلس 6 میں ہے اسنیپ ڈریگن 845 پروسیسر، ایڈرینو 630 گرافکس اور 8 جی بی تک کی ریم اور ساتھ ہی 256 جی بی تک کی اسٹوریج بھی۔ بیٹری دیکھیں تو وہ ون پلس 6 میں 3300 ملی ایمپیئر کی ہے۔

رنگوں کے معاملے میں ون پلس کچھ زیادہ آپشنز نہیں دیتا، یا تو آپ سیاہ رنگ خرید سکتے ہیں یا پھر سفید، بس! یہ فون 22 مئی سے ون پلس کے آن لائن اسٹور سے فروخت کے لیے دستیاب ہوگا۔

ون پلسون پلس 6