سب سے زیادہ ریزولیوشن والی وی آر اسکرین تیار

گوگل اور ایل جی ڈسپلے نے مشترکہ طور پر تاریخ کا سب سے شفاف OLED ڈسپلے بنا لیا ہے۔ 4.3 انچ کی اس اسکرین کی رونمائی گوگل نے حال ہی میں ڈسپلے ویک میں کی، جسے ورچوئل ریئلٹی میں تصویر کی کوالٹی کو بہتر بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے اور آپ سن کر حیران رہ جائیں گے کہ اس کا ریزولیوشن ہے 1443 پکسل فی انچ (پی پی آئی)۔ اسی سے اندازہ لگا لیں کہ جاپان ڈسپلے انکارپورٹڈ نے رواں ماہ کے اوائل میں ایک نسبتاً چھوٹی 1001 پی پی آئی اسکرین بنائی تھی جس نے اوکولس گو (538 پی پی آئی) اور ایچ ٹی سی وائیو پرو (615 پی پی آئی) کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔ یہ تو اس سے بھی آگے کی چیز ہے۔

گوگل اور ایل جی کا یہ ڈسپلے 120 ہرٹز کا زبردست ریفریش ریٹ بھی دیتا ہے جو اوکولس رفٹ اور وائیو پرو کے 90 ہرٹز سے کہیں زیادہ ہے۔ 4800 ضرب 3480 پکسل فی آنکھ کے حساب سے بنایا گیا یہ ڈسپلے بصری کمال کی جانب ایک بڑا قدم ہے، وہ الگ بات کہ انسانی آنکھ کا اب بھی دور دور تک کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ ایک تحقیق میں گوگل کے انجینیئر کارلن ویئری نے پایا تھا کہ انسانی آنکھ 9600 ضرب 9600 پکسل فی آنکھ دیکھ سکتی ہے اور اس کا دیکھنے کا زاویہ افقی طور پر 160 درجے اور عمودی طور پر 150 درجے تک پھیلا ہوا ہوتا ہے۔ گوگل کی یہ تجرباتی اسکرین تو ابھی 120 درجے تک ہی پہنچی ہے۔

اب گوگل اور ایل جی ڈسپلے چند مزید مسائل حل کرکے اس تجرباتی اسکرین کو عملی میدان میں لانے کے لیے کام کریں گے، تبھی یہ صارفین کے لیے دستیاب ہو پائے گی۔

ایل جیگوگلورچوئل ریالٹی