ورلڈ کپ فٹ بال، 4K اور ورچوئل ریئلٹی کے ساتھ

بی بی سی نے بالآخر براہ راست 4K نشریات کا انتخاب کرلیا ہے۔ 2014ء میں محدود پیمانے پر تجربات اور حال ہی میں ایف اے کپ فائنل کے بعد ادارہ فیفا ورلڈ کپ کو الٹرا ایچ ڈی اور ورچوئل ریئلٹی میں پیش کرنے کے لیے تیاریاں پکڑ رہا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ بی بی سی کوئی ٹورنامنٹ اس طرح پیش کرے گا اور حقیقت یہ ہے کہ یہ اس تجربے کے لیے بہت بڑا ٹورنامنٹ ہے کیونکہ تکنیکی طور پر یہ تجرباتی نشریات ہوگی۔

گو کہ بی بی سی کے آئی پلیئر پر تمام مقابلے براہ راست تو نشر ہوں گے لیکن ہر میچ کو 4K میں دیکھنے کے لیے جگہیں محدود ہیں۔ یہ تو نہیں بتایا گیا کہ زیادہ سے زیادہ کتنے صارفین اس طرح مقابلہ دیکھ پائیں گے، یعنی کتنے لاکھ؟ لیکن یہ واضح ہے کہ یہ پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر ہی ہوگا۔ بہرحال، یہ قدم مستقبل میں الٹرا ایچ ڈی نشریات کے لیے راستہ ہموار کرے گا۔

بی بی سی ورچوئل ریئلٹی کے لیے بھی ورلڈ کپ کو آزمائے گا۔ اس نے ایک ایپ بنائی ہے جس کا نام بی بی سی اسپورٹس وی آر – فیفا ورلڈ کپ رشیا 2018ء ہے، ہر شخص کو اپنے اسمارٹ فون یا وی آر ہیڈسیٹ کے ذریعے تمام 33 میچز کو براہ راست دیکھنے کی سہولت دے گی، وہ بھی اپنے کمرے میں بیٹھے بیٹھے اس طرح کہ گویا روس کے کسی اسٹیڈیم میں بیٹھے دیکھ رہے ہیں۔ یہ ایپ جلد ہی ایپل، اینڈرائیڈ، گیئر وی آر، اوکولس گو اور پلے اسٹیشن وی آر کے لیے پیش کی جائے گی۔

یہ بی بی سی کا بہت بڑا قدم ہے خاص طور پر اس لیے کہ یہ اسکائی اور بی ٹی اسپورٹس جیسے اداروں کے مقابلے میں روایتی طور پر پیچھے رہتا ہے۔ ورلڈ کپ بلاشبہ دنیائے کھیل کا سب سے بڑا ایونٹ ہے اور بی بی سی کی جانب سے اس خوبصورت کھیل کو خوبصورت انداز میں پیش کرنے کا فیصلہ بھی بہت بڑا ہے۔

4کےالٹرا ایچ ڈیبی بی سیفٹ بالفیفا ورلڈ کپ