شیاؤمی کا اگلا اینڈرائیڈ ون فون ‘می اے2’ ہوگا

شیاؤمی کی کئی ڈیوائسز اس وقت تیار ہو رہی ہیں لیکن جو اگلا فون سب سے پہلے باضابطہ طور پر پیش ہوگا وہ غالباً ‘می اے2’ ہوگا۔ یہ می 6ایکس کا انٹرنیشنل ورژن ہوگا جس میں اینڈرائیڈ اپنی خالص شکل میں نصب ہوگا یعنی یہ می 6ایکس کا اینڈرائیڈ ون ایڈیشن ہوگا۔ کہا جا رہا ہے کہ بہت جلد ایک عالمی تقریب کے ذریعے اس فون کو باضابطہ طور پر پیش کیا جائے گا

گو کہ اس فون کی خبریں انٹرنیٹ پر پہلے سے گردش میں ہیں لیکن اس کے فیچرز کی تصدیق حال ہی میں ہوئی ہے۔ لیک ہونے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ About Phone میں اس فون کا نام Mi A2 ہے اور اس پر میں اینڈرائیڈ 8.1 نصب ہوگا جبکہ پروسیسر ہوگا کویلکوم اسنیپ ڈریگن 660۔

یہ فون پاکستان اور بھارت جیسی مارکیٹوں میں نوکیا 7 پلس کی فروخت کو متاثر کر سکتا ہے کیونکہ وہ اسنیپ ڈریگن 660 پروسیسر رکھنے والے فونز میں سب سے متاثر کن ہے۔ پھر شیاؤمی اپنی قیمتوں کی وجہ سے نوکیا کی مارکیٹ خراب کر سکتا ہے۔

اس فون میں 5 اعشاریہ 99 انچ کی فل ایچ ڈی+ اسکرین ہوگی جس کا ریزولیوشن 2160 ضرب 1080 پکسلز ہوگا۔ 4 جی بی ریم اور 32، 64 اور 128 جی بی کی اسٹوریج کے آپشنز بھی موجود ہوں گے۔ فون کی پشت پر 12 اور 20 میگاپکسل کے ڈوئل کیمرے ہوں گے جبکہ فرنٹ پر 20 میگاپکسل کا کیمرا نصب ہوگا۔ 3010 ملی ایمپیئر آور کی بیٹری اس فون کو طاقت فراہم کرے گی جبکہ دیگر خصوصیات میں فنگر پرنٹ سینسر، کوئیک چارج 3.0، 4جی ایل ٹی ای، وائی فائی، بلوٹوتھ 5.0 اور یو ایس بی ٹائپ-سی شامل ہیں۔

ویسے شیاؤمی اپنی شاندار می مکس سیریز کو اپڈیٹ کرنے کی بھی تیاری کر رہا ہے اور ممکن ہے نئے می مکس 3 میں ایک حقیقی فل اسکرین ڈسپلے ہو اور ویوو نیکس کی طرح ایسا کیمرا جو اندر چھپا ہوا ہو اور ضرورت پڑنے پر باہر آ جائے۔

شیاؤمی