یہ ہے اسمارٹ فون چارجنگ کا صحیح طریقہ!

کیا آپ اپنے اسمارٹ فون کو "صحت مند” رکھنا چاہتے ہیں؟ چاہتے سب ہیں، لیکن کیسے، یہ بہت کم لوگ جانتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ زیادہ تر افراد اپنے فون کی بیٹری چارج کرنے کی عادات کی وجہ سے اُس کی قبل از وقت "موت” کا سبب خود بناتے ہیں۔ جیسا کہ 100 فیصد چارجنگ، رات کو چارج پر لگا کر چھوڑ دینا، بیٹری تقریباً صفر کرنے کے بعد چارج پر لگانا وغیرہ، یہ سب عام عادات ہیں اور ان میں سے ہر حرکت آپ کی بیٹری کی زندگی کو کم کرتی ہے اور یہ ہم نہیں کہہ رہے بلکہ یہ اسمارٹ فون اور دیگر بیٹریوں کے لیے ٹیسٹ ڈیوائسز بنانے والے ادارے کیڈیکس کا کہنا ہے۔

اسمارٹ فون بیٹری کی زندگی کو کیسے بڑھایا جائے؟ یہ ویسے بھی آج کل بہت گرما گرم موضوع ہے، خاص طور پر ایپل کی جانب سے اس انکشاف کے بعد کہ وہ بیٹریاں پرانی ہونے کے بعد فون کو سست کر دیتا ہے تاکہ وہ اچانک بند نہ ہو جائے ۔ اس لیے آپ کے لیے ضروری ہے کہ "اپ-ٹو-ڈیٹ” ہو جائیں اور بیٹری کو چارج کرنے کے حوالے سے کچھ رہنما ہدایات لے لیں:

بار بار، ہر بار

فون کو چارج کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ کو جب بھی اور جتنا موقع ملے اسے پلگ-اِن کرلیں، چاہے چند منٹ کے لیے ہی کیوں نہ ممکن ہو۔ کیڈیکس کی بیٹری یونیورسٹی کے مطابق چھوٹی موٹی چارجنگ سے کوئی نقصان نہیں ہوتا۔


مکمل ڈسچارج؟ خطرناک!

بیٹری یونیورسٹی کہتا ہے کہ "ڈیپ ڈسچارج” کی کوئی حقیقت نہیں، یعنی فون کی بیٹری کو تقریباً ختم کرکے پھر چارج کرنا۔ حقیقت یہ ہے کہ ایسا کرنا فون کی بیٹری کو نقصان پہنچاتا ہے۔ خود سام سنگ بھی اس کا قائل ہے اور اپنے بلاگ پر صارفین کو منع کرچکا ہے۔


65 سے 75 فیصد

بیٹری یونیورسٹی کے مطابق لیتھیم آیون بیٹریاں، جو عام طور پر ہمارے موبائل میں ہوتی ہیں، طویل عمر پائیں گی اگر ہم اسے زیادہ تر وقت 65 سے 75 فیصد تک رکھیں۔


اگر ایسا ممکن نہ ہو تو؟

اسمارٹ فون کی بیٹریوں کے لیے دوسری بہترین چارج رینج ہے 45 سے 75 فیصد، اسے ہم روز مرہ بنیادوں پر زیادہ حقیقت پسندانہ حکمت عملی کہہ سکتے ہیں۔ آپ اس سطح پر رہنے کے لیے مختلف اوقات میں آپنے فون کو چارج کرنے کا روٹین طے کر سکتے ہیں۔


مکمل چارج؟ کبھی نہیں!

کبھی اپنے فون کو 100 فیصد تک چارج نہ کریں، خاص طور پر جب اس کی بیٹری 25 فیصد سے نیچے تک چلی گئی ہو، اس سے آپ کی بیٹری کی گنجائش اور اس کی زندگی دونوں کو نقصان پہنچتا ہے۔ بیٹری یونیورسٹی کے مطابق لیتھیم آئیون بیٹریوں کو "مکمل چارج” کی ضرورت نہیں ہوتی،اور نہ ہی ایسا کرنے کا فائدہ ہے۔ بلکہ بہتر یہی ہے کہ انہیں فل چارج نہ کیا جائے کیونکہ ہائی وولٹیج بیٹری کو دباؤ میں ڈال دیتا ہے اور طویل میعاد میں اسے نقصان پہنچاتا ہے۔


رات بھر بھی نہیں

رات کو اسمارٹ فون کو چارج پر لگا کر صبح اٹھا لینا، یہ سب سے عام حرکت ہے اور اس پر کافی بحث ہو چکی ہے۔ چونکہ 100 فیصد چارج ہونا فون کی بیٹری کی زندگی کو سب سے زیادہ نقصان پہنچاتا ہے اس لیے یہ قدم مت اٹھائیں۔

اوور چارجنگبیٹریچارجنگفون چارج