یوٹیوب پر ماہانہ 1 اعشاریہ 8 ارب رجسٹرڈ صارفین

یوٹیوب کی سی ای او سوسن ووکیکی نے بتایا ہے کہ ہر ماہ 1 اعشاریہ 8 ارب رجسٹرڈ صارفین اُن کے پلیٹ فارم پر وڈیوز دیکھ رہے ہیں، اور اس میں وہ افراد شامل نہیں جو بغیر اکاؤنٹ کے ہیں یا بغیر لاگ اِن ہوئے یوٹیوب پر آ رہے ہیں۔

ووکیکی نے اس سنگ میل کا اعلان یوٹیوب کی براڈکاسٹ پریزینٹیشن میں کیا، جس میں سال کی اہم ترین کامیابیوں کا ذکر بھی کیا گیا۔ اس سے قبل یوٹیوب نے پچھلے سال کے وسط میں ڈیڑھ ارب لاگ ان شدہ ماہانہ صارفین کا اعلان کیا تھا۔

اس موقع پر ووکیکی نے یوٹیوب کو درپیش سنگین مسائل کا بھی ذکر کیا جیسا کہ بچوں کی وڈیوز کے مسائل اور سازشی نظریات کی حامل وڈیوز۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اوپن پلیٹ فارم ہونے کے چیلنجز ہیں کہ ہر طرح کے لوگ آپ کی سروسز کا فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ اس لیے یہ بات بہت زیادہ اہم ہے کہ تمام صارفین ذمہ داری کے ساتھ یوٹیوب کا استعمال کریں۔

انہوں نے یوٹیوب کڈز میں منتخب شدہ وڈیوز اور 10 ہزار ماڈریٹرز کے انتخاب جیسی تبدیلیوں کا بھی حوالہ دیا۔

یوٹیوب