اینڈرائیڈ گو فونز بہت جلد دستیاب ہوں گے

1,196

سستے اور ہلکے فونز کے لیے اینڈرائیڈ کا خاص ورژن ‘اینڈرائیڈ گو‘ (Android Go) کہلاتا ہے جو گوگل کی نئی پیشکش ہے اور اب یہ اس کے حامل پہلے اسمارٹ فونز بھی سامنے آنے والے ہیں، دنیا کی سب سے بڑی نمائش موبائل ورلڈ کانگریس میں۔

اینڈرائیڈ گو کا پہلی بار اعلان گزشتہ مئی میں گوگل آئی/او کے موقع پر کیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ یہ 512 ایم بی یا 1 جی بی ریم رکھنے والے کم طاقتور فونز کے لیے ایک خاص آپریٹنگ سسٹم ہوگا۔ اس کا ایک ورژن جسے نجانے کیوں اینڈرائیڈ گو (اوریو ایڈیشن) کہا جا رہا ہے، دسمبر میں پیش کیا گیا تھا کہ ڈیوائس بنانے والے اور ڈیولپرز اسے استعمال کریں اور اب اس کی حامل حقیقی ڈیوائسز جاری ہونے والی ہیں۔

اینڈرائیڈ گو کے لیے گوگل نے اپنی معروف ایپس کے "گو” ورژنز بنائے ہیں جیسا کہ یوٹیوب، جی میل اور میپس کے، جو فون میں کم جگہ گھیرتے ہیں اور عام ایپس کے مقابلے میں ڈیٹا کا کم استعمال کرتے ہیں۔

گوگل کے مطابق یہ اولین ڈیوائسز موبائل ورلڈ کانگریس میں رونمائی کے بعد جلد ہی خریداری کے لیے دستیاب ہوں گی۔