اینڈروئیڈ 4G اسمارٹ فون قیمت صرف 2000 روپے

2,523

بھارت آبادی کے لحاظ سے دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے یہی وجہ ہے کہ کئی بڑی کاروباری کمپنیوں کی نظر اس ملک پر جمی ہیں تاکہ وہ اس کی زیادہ سے زیادہ آبادی کا فائدہ اُٹھا سکیں۔

اس حوالے سے تازہ ترین کارروائی گوگل نے کی ہے۔ گوگل نے بھارتی کمپنیوں کے اشتراک سے سستا ترین اینڈروئیڈ 4G اسمارٹ فون پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ اسمارٹ فون جس کی قیمت بھارت میں صرف 2 ہزار بھارتی روپے یا 30 امریکی ڈالر ہو گی میں اینڈروئیڈ اوریو کا ہلکا ورژن اوریو گو موجود ہو گا۔ فون کے اجرا اور ہارڈویئر کی دیگر تفصیلات ابھی سامنے آنا باقی ہیں۔

اگر دیکھا جائے تو انڈیا میں اوسطاً ایک 4G اسمارٹ فون کی قیمت چھ ہزار بھارتی روپے تک ہوتی ہے لیکن گوگل کا فون اس سے کئی کم قیمت میں دیا جائے گا۔

یقیناً آپ اینڈروئیڈ اوریو گو سے واقف ہوں گے، اس آپریٹنگ سسٹم کو چلنے کے لیے زیادہ طاقت ور ہارڈویئر کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اس لیے اندازا کیا جا سکتا ہے کہ دو ہزار روپے کا یہ فون کچھ کم ہارڈویئر کا مالک ہو گا لیکن پھر بھی اس کی کم قیمت اس کی مقبولیت میں اہم کردار ادا کرے گی۔

انڈیا میں فور جی کے حامل اسمارٹ فون بنانے والی کمپنیاں صارفین کی تیز ترین انٹرنیٹ تک پہنچ آسان بنا رہی ہیں۔ فیکٹر ڈیلی کے مطابق:

آج سے سولہ ماہ قبل بھارتی صارفین 20 کروڑ جی بی ڈیٹا استعمال کر رہے تھے لیکن اب یہ ڈیٹا 150 کروڑ جی بی تک پہنچ چکا ہے۔ یہ اعداد بھارت کو سب سے زیادہ ڈیٹا استعمال کرنے والا نمبر ون ملک بناتے ہیں۔

کچھ ہی دن قبل گوگل موبائل ڈیٹا کی بچت کے لیے ایک زبردست ایپلی کیشن ڈیٹالی بھی جاری کر چکا ہے۔

امید ہے گوگل کی یہ کاوش صرف بھارت تک محدود نہیں رہے گی بلکہ دیگر ممالک میں بھی وہ مقامی کمپنیوں کے اشتراک سے ایسی سستی ڈیوائسز پیش کرے گا تاکہ دنیا کی ایک بڑی آبادی آسانی سے تیز ترین انٹرنیٹ تک پہنچ سکے۔