اینڈرائیڈ صارفین میں کون سا ورژن زیادہ مقبول؟

1,764

گوگل نے جنوری میں اینڈرائیڈ 8.1 متعارف کروایا اور آج ایک ماہ بعد گوگل نے اپنے مختلف ورژنز کے بارے میں رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق جدید ترین ‘اوریو’ ایک فیصد مارکیٹ پر قابض ہو چکا ہے جبکہ نوگیٹ سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے زیادہ استعمال ہونے والا اینڈرائیڈ ورژن بن چکا ہے۔

ایپل کے مقابلے میں اینڈرائیڈ میں اپڈیٹس اتنے وسیع پیمانے پر نہیں پھیلتیں، جس کی بڑی وجہ ہے مختلف کمپنیوں کی جانب سے مختلف فونز جاری کیے جاتے ہیں اس لیے اپڈیٹس یکساں طور پر نہیں پھیل سکتے۔ اندازہ لگا لیں کہ ‘جنجر بریڈ’، ‘آئس کریم سینڈوچ’ اور ‘جیلی بین’ جیسے کئی سال پرانے ورژنز کا بھی اس وقت مارکیٹ میں قابل ذکر حصہ ہے۔ کل 5.7 فیصد صارفین آج بھی یہ ورژنز استعمال کرتے ہیں۔

2013ء میں جاری ہونے والا اینڈرائیڈ ‘کٹ کیٹ’ آج بھی 12 فیصد اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر استعمال ہو رہا ہے جبکہ لالی پوپ پر 24.6 فیصد صارفین ہیں، یعنی تقریباً ایک چوتھائی صارفین۔

سب سے زیادہ استعمال ہونے والے آپریٹنگ سسٹمز ‘مارش میلو’ اور ‘نوگیٹ’ ہیں۔ کل 28.1 فیصد صارفین ‘مارش میلو’ استعمال کرتے ہیں جبکہ ‘نوگیٹ’ پہلی بار 28.5 فیصد کے ساتھ سب سے زیادہ استعمال ہونے والا اینڈرائیڈ ورژن بن گیا ہے۔ یہ نوگیٹ کی بہت بڑی چھلانگ ہے کیونکہ ابھی پچھلے سال ہی یہ صرف 1.2 فیصد مارکیٹ شیئر رکھتا تھا۔

کچھ یہی اب اینڈرائیڈ ‘اوریو’ کے ساتھ ہو سکتا ہے کیونکہ گوگل نے ترقی پذیر ممالک کے لیے نت نئے اقدامات اٹھائے ہیں اور ان میں ‘اوریو’ کو مقدم رکھا گیا ہے۔ دیکھتے ہیں اگلے سال تک اینڈرائیڈ اوریو کی مارکیٹ میں کیا فرق آتا ہے؟