ایپل کی 65 فیصد ڈیوائسز جدید ترین آپریٹنگ سسٹم پر

940

حال ہی میں ایپل کو ایک بہت بڑے اسکینڈل کا سامنا کرنا پڑا ہے کہ وہ اپڈیٹس کے ذریعے اپنی پرانی ڈیوائسز کو جان بوجھ کر سست کرتا ہے۔ ایپل اپنی توجیہات پیش کرتا ہے جبکہ صارفین کہتے ہیں کہ یہ حرکت اس لیے کی گئی تاکہ انہیں نئے فونز خریدنا پڑیں۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس کے باوجود آج ایپل کی اکثر ڈیوائسز جدید ترین آپریٹنگ سسٹم پر اپڈیٹ ہو چکی ہیں۔

ایپل کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق اس کا 65 فیصد ہارڈویئر آئی او ایس 11 پر اپڈیٹ ہو چکا ہے۔ صرف 28 فیصد ڈیوائسز ایسی ہیں جو آئی او ایس 10 پر ہیں اور باقی بچ جانے والی اس سے پرانے ورژنز پر ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ گزشتہ سال اس وقت 76 فیصد ڈیوائسز آئی او ایس 10 پر تھیں۔ اندازہ لگا لیں کہ کس تیزی سے ایپل ڈیوائسز اپگریڈ ہوئی ہیں۔

اس وقت 93 فیصد آئی او ایس صارفین ایسے ہیں جن کی ڈیوائسز پچھلے دو سال میں جاری کردہ آپریٹنگ سسٹم پر اپڈیٹ ہو چکی ہیں جبکہ اس کے مقابلے میں اینڈرائیڈ پر ایسے صارفین کی تعداد صرف 27 فیصد ہے۔