ایپل کو میک بک کی بورڈ میں خرابیوں کی وجہ سے مقدمے کا سامنا

573

اگر آپ میک بک کی بورڈ کی وجہ سے پریشان ہیں تو آپ اکیلے نہیں ہیں۔ کیونکہ اکثر میک بک صارفین کی بورڈ میں آنے والی خرابیوں کی وجہ سے پریشان رہتے ہیں۔ اب تو یہ معاملہ عدالت میں بھی جا پہنچا ہے۔

خبر ہے کہ کیلیفورنیا کی عدالت میں ایپل کے خلاف ایک مقدمہ دائر کیا گیا ہے جس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ "ایپل کے تیار کردہ میک بک اور میک بک پرو میں موجود "بٹر فلائی کی بورڈ” میں اکثر بٹنوں کے غیر مؤثر ہونے حتی کہ پورا کی بورڈ ہی ناکارہ ہونے کی شکایات کے باوجود ایپل انہیں حل کرنے سے قاصر ہے۔ اور ایپل کی جانب سے اس ضمن میں کوئی تنبیہ بھی نہیں جاری کی گئی جس کی وجہ صارفین کو بڑے مالی نقصانات سے دوچار ہونا پڑا ہے”

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ایپل نے "بٹر فلائی” سوئچ پہلی بار سال 2015 میں 12 انچ میک بک کے ذریعے متعارف کروایا تھا۔ اور یہ دعوی کیا گیا تھا کہ روایتی "سیزر” کی بورڈ کے میکانزم کی نسبت یہ کی بورڈ زیادہ پائیدار، مؤثر اور باسہولت ہے۔ لیکن لگتا ہے کہ صارفین کے ساتھ اس دعوے کے بالکل برعکس ہوا ہے۔ جس کا نتیجہ ایپل کو اب مقدمے کی صورت میں بھگتنا پڑے گا۔

نقادوں کا کہنا ہے کہ "بٹر فلائی” کی بورڈ کی خرابی سے زیادہ ایپل کا ردعمل مایوس کن ہے۔ کیونکہ کمپنی کی جانب سے اس مسئلے کو حل کرنے کی کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی۔